امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے میں دیگر ممالک بھی اپنی ذمہ داری ادا کریں ۔
آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے میں دیگر ممالک بھی اپنی ذمہ داری ادا کریں ، امریکی وزیرخارجہ

مزید خبریں
واشنگٹن ۔20جولائی (اے پی پی):امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے میں دیگر ممالک بھی اپنی ذمہ داری ادا کریں ۔
انڈیپنڈنٹ اردو کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے آسیان وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے پیر کو فلپائن روانگی سے قبل دیگر ممالک پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز میں عالمی تجارتی جہاز رانی کے تحفظ کے لیے وہ بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ امریکا صرف ان ایرانی تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے جو عالمی تجارتی جہازوں پر حملوں کے لیے استعمال ہو رہی ہیں۔ مارکو روبیو نے کہا کہ آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی آبی راستہ ہے اور ایران اسی آبی گزرگاہ میں جہازوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا نہ صرف جہازوں کے تحفظ میں مصروف ہے بلکہ ان مقامات کو بھی نشانہ بنا رہا ہے جہاں سے میزائل اور ڈرون حملے کیے جاتے ہیں۔ مارکو روبیو نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو آزاد، محفوظ اور ہر قسم کی رکاوٹ یا حملے سے پاک رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران جہاز رانی سے متعلق کسی مفاہمتی انتظام کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس انتظام کا برقرار رہنا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکااب بھی سفارتی حل کے لیے تیار ہے۔ امریکا ہمیشہ سفارتی حل کے حق میں ہے۔ ہم نے ایران کے ساتھ اس تنازعہ کو حل کرنے کی متعدد بار کوشش کی ہے اور اگر مذاکرات کا دروازہ دوبارہ کھلتا ہے تو ہم اس کا خیرمقدم کریں گے۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کو سنگین معاشی اور داخلی چیلنجز کا سامنا ہے اور ان حالات میں سفارتی راستہ اب بھی بہترین حل ہو سکتا ہے۔








