ریلویز کے ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے، وزیر اعظم شہبازشریف کی پاکستان ریلویز ٹرانسفارمیشن پلان پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس میں ہدایت

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ریلویز کے ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے ، ایم ایل ون کے روہڑی-ملتان سیکشن کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید اور موثر ریلوے نظام ملکی معیشت، تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ریلویز کے ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے ، ایم ایل ون کے روہڑی-ملتان سیکشن کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید اور موثر ریلوے نظام ملکی معیشت، تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز ٹرانسفارمیشن پلان پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، مشیر وزیر اعظم برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلویز مسافروں اور مال برداری کے لیے سب سے کم لاگت اور موثر ذریعہ نقل و حمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید اور موثر ریلوے نظام ملکی معیشت، تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز کے بنیادی ڈھانچے کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے سے پاکستان کے علاقائی تجارت اور لاجسٹکس ہب کے طور پر ابھرنے میں کلیدی کردار ہوگا۔ وزیراعظم نے ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے اور مین ریلوے لائین ون کے روہڑی-ملتان سیکشن کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو ایم ایل-1 اور ایم ایل-3 اپ گریڈیشن، تھر کول ریلوے کنکٹیوٹی اور دیگر منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ایم ایل-1 کی کراچی-روہڑی سیکشن کے لیے تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن مکمل کر لی گئی ہے ، ایم ایل 3 روہڑی-

نوکنڈی کی اپ گریڈیشن پی ایس ڈی پی اور برج فنانسنگ تحت کی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تھر کول ریل کنکٹیوٹی منصوبے کا 112 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک تھر کول تا چھور ریلوے سٹیشن پر 60 فیصد کام ہو چکا اور یہ منصوبہ دسمبر 2026ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ریلوے کی اصلاحات کے لئے بین الاقوامی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریلوے کے ماتحت سکول اور ہسپتالوں کی سروسز کو آئوٹ سورس کیا جا چکا ہے جبکہ چھ بڑے ریلوے سٹیشنوں کی کمرشلائزیشن پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔