وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا پاکستان ریلوے میں وی آئی پی کلچر کے مکمل خاتمے کا اعلان، وزیر سے آئی جی تک اعلیٰ حکام پر ریلوے سیلونز اور وی آئی پی کمروں کے استعمال پر پابندی عائد

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے میں اعلیٰ سطح پر وی آئی پی کلچر کے مکمل خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے بطور وزیر ریلوے اپنے اور اعلیٰ افسران کے خصوصی سیلونز اور ریسٹ ہائوسزکے وی آئی پی رومز کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے، کوئی بھی شہری مناسب کرایہ ادا کر کے ان لگژری سفری اور رہائشی سہولیات سے مستفید ہو سکے گا۔

خرم شہزاد

اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے میں اعلیٰ سطح پر وی آئی پی کلچر کے مکمل خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے بطور وزیر ریلوے اپنے اور اعلیٰ افسران کے خصوصی سیلونز اور ریسٹ ہائوسزکے وی آئی پی رومز کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے، کوئی بھی شہری مناسب کرایہ ادا کر کے ان لگژری سفری اور رہائشی سہولیات سے مستفید ہو سکے گا۔قومی خبر رساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بتایا کہ محکمہ ریلوے کو جدید اور عوامی امنگوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریلوے کے اندر اوپر کی سطح سے وی آئی پی کلچر کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر ریلوے کا سیلون، چیئرمین سیلون، چیف ایگزیکٹو سیلون اور آئی جی ریلوے کے زیراستعمال سیلونز سمیت وی وی آئی پی موومنٹ کے لیے مخصوص تمام سیلونز پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ماضی میں یہ سیلونز صرف مخصوص شخصیات کی سفری ضروریات کے لیے استعمال ہوتے تھے جس سے محکمے پر اضافی بوجھ پڑتا تھا۔محمد حنیف عباسی نے واضح کیا کہ اب یہ لگژری سیلونز اور ملک بھر میں موجود ریلوے ریسٹ ہائوسز کے وی آئی پی کمرے عام عوام کے لیے مختص کر دیئے گئے ہیں۔

کوئی بھی عام شہری اب ایک مقررہ اور مناسب کرائے کی ادائیگی کے بعد ان شاندار سہولیات کو اپنے سفر اور رہائش کے لیے بک کروا سکتا ہے۔اس اقدام کا بنیادی مقصد نہ صرف ریلوے کے مسافروں کو برابری کی بنیاد پر بہترین اور پرتعیش سہولیات فراہم کرنا ہے، بلکہ اس کے ذریعے محکمہ ریلوے کے لیے اضافی آمدن کے ذرائع بھی پیدا کرنا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ریلوے ایک قومی اثاثہ ہے اور اس کے تمام وسائل پر پہلا حق پاکستان کے عام عوام کا ہے۔