کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک کینیڈا تعلقات، تجارت، سکیورٹی اور باہمی روابط بڑھانے سمیت خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کی وزارت داخلہ آمد، محسن نقوی سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک کینیڈا تعلقات، تجارت، سکیورٹی اور باہمی روابط بڑھانے سمیت خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، کینیڈین ہائی کمشنر، ڈائریکٹر جنرل وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ڈی جی ایف آئی اے)اور ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کے لیے ٹریننگ و ایکس چینج پروگرامز شروع کرنے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں وزراء نے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور فعال بنانے کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو ) پر جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کی ترقی میں انتہائی فعال اور مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیر مملکت طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ کینیڈا کے ساتھ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے معاہدے سے دوطرفہ تعلقات کو نئی جلا ملے گی۔کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے پاکستان کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے اور اس باہمی تعاون کو مزید منظم کرنے کے لیے ایک جامع فریم ورک مرتب کیا جانا چاہیے۔








