غیر معیاری دودھ، جعلی مشروبات اور مضر خوردنی اشیاء کے خلاف صوبہ بھر میں فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائیاں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی خصوصی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں غیر معیاری دودھ، جعلی مشروبات اور مضر صحت خوردنی اشیاء کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کیں، جن کے دوران ہزاروں لیٹر غیر معیاری و مضر صحت دودھ اور جعلی مشروبات تلف جبکہ متعدد مالکان کے …

پشاور۔ 20 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی خصوصی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں غیر معیاری دودھ، جعلی مشروبات اور مضر صحت خوردنی اشیاء کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کیں، جن کے دوران ہزاروں لیٹر غیر معیاری و مضر صحت دودھ اور جعلی مشروبات تلف جبکہ متعدد مالکان کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات میں کہا کہ مردان میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اسکمڈ(skimmed) ملک پاؤڈر، پانی اور کیمیکلز کی ملاوٹ سے تیار کیے گئے 600 لیٹر دودھ کو موقع پر تلف کر دیا، ملک شاپ کو سیل کر دیا گیا جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔بنوں میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی جس کے دوران خشک دودھ سے تیار ملاوٹی دودھ پکڑا گیا، 500 لیٹر غیر معیاری دودھ تلف کیا گیا جبکہ بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

مزید تفصیلات کےمطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے سوات موٹر وے اور لنڈاکے چیک پوسٹس پر دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران 3 ہزار لیٹر سے زائد غیر معیاری دودھ تلف کیا ۔اسی طرح فوڈ اتھارٹی ٹیم نے محکمہ لائیو سٹاک کے ہمراہ ڈی آئی خان میں بھکر پل چیک پوسٹ پر کارروائی کے دوران اسکمڈ ملک ملا 1200 لیٹر غیر معیاری دودھ تلف کر دیا ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ہری پور ٹیم نے بھی پنجاب سے آنے والے دودھ ٹینکر کی جانچ پڑتال کے دوران پاؤڈر اور کیمیکلز کی ملاوٹ ثابت ہونے پر 1000 لیٹر دودھ ضبط کرکے موقع پر تلف کر دیا گیا۔اسی طرح چارسدہ میں فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے 450 لیٹر غیر معیاری جوسز اور کولڈ ڈرنکس ضبط کر کے تلف کر دیں جبکہ دو ہول سیلرز پر جرمانے عائد کیے گئے۔

ایک علیحدہ کارروائی میں ممنوعہ چائنہ سالٹ رکھنے پر ایک ہول سیلر کے خلاف بھی قانونی کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا گیا۔ تفصیلات میں بتایا گیا کہ پشاور میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف واٹر پلانٹس کا معائنہ کیا، جہاں ایک یونٹ سے 600 لیٹر مس لیبل شدہ بوتل بند پانی برآمد کر کے موقع پر تلف کیا گیا جبکہ مالک پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ادھر ملاکنڈ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے معروف برانڈز کے تقریباً 1000 لیٹر جعلی مشروبات ضبط کر لیے گئے، ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

اس موقع پر معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہا اور کہا کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ملاوٹ یا غیر معیاری خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی فوری اطلاع خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔