خواتین کے لیے باوقار اور محفوظ عدالتی سہولیات نظام انصاف پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنائیں گی ، چیف جسٹس پاکستان

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انصاف تک رسائی صرف قانونی کارروائیوں تک محدود نہیں بلکہ ان مقامات سے بھی جڑی ہے جہاں شہری انصاف کے حصول کے لیے آتے ہیں، خواتین کے لیے باوقار، محفوظ اور بااعتماد ماحول پر مبنی عدالتی سہولیات انصاف کے نظام پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنائیں گی۔

اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انصاف تک رسائی صرف قانونی کارروائیوں تک محدود نہیں بلکہ ان مقامات سے بھی جڑی ہے جہاں شہری انصاف کے حصول کے لیے آتے ہیں، خواتین کے لیے باوقار، محفوظ اور بااعتماد ماحول پر مبنی عدالتی سہولیات انصاف کے نظام پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنائیں گی۔

سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ آڈیٹوریم میں جسٹس سپیس خواتین سہولت مراکز کے لیے آئیڈیاز ڈیزائن مقابلہ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے خواتین سہولت مراکز کے لیے پیش کیے گئے جدید اور تخلیقی ڈیزائنز کو سراہا۔یہ مقابلہ قومی جوڈیشل (پالیسی میکنگ) کمیٹی کی سرپرستی میں انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان، راولپنڈی اسلام آباد چیپٹر (IAP-RIC) نے منعقد کیا جس کا مقصد ایسے خواتین سہولت مراکز کے ڈیزائن تیار کرنا تھا جو انصاف کے اداروں کو خواتین کے لیے زیادہ آسان، جامع اور ان کی ضروریات سے ہم آہنگ بنا سکیں۔تقریب میں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان، ڈیزائن مقابلے کے جیوری اراکین، مبصرین اور آرکیٹیکچر سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

چیف جسٹس نے کامیاب آ رکیٹیکٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے مقابلے میں شریک تمام شرکا، ممتاز جیوری، انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان اور پاکستان کونسل آف آرکیٹیکٹس اینڈ ٹائون پلانرز کی کاوشوں کو سراہا اور اسے انصاف تک رسائی کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قومی اقدام قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر مقابلے کے کامیاب ڈیزائنز کا اعلان کیا گیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکا میں انعامات تقسیم کیے گئے۔