فلائی دبئی کی شام کے شہر حلب کے لیے روزانہ براہِ راست پروازیں شروع

متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی فلائی دبئی نے شام کے شہر حلب کے لیے روزانہ براہِ راست پروازیں شروع کر دیں جو دمشق کے بعد شام میں ایئرلائن کی دوسری منزل ہے۔

ابوظہبی۔21جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی فلائی دبئی نے شام کے شہر حلب کے لیے روزانہ براہِ راست پروازیں شروع کر دیں جو دمشق کے بعد شام میں ایئرلائن کی دوسری منزل ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق فلائی دبئی کے چیف کمرشل آفیسر حمد عبیداللہ نے بتایا ہے کہ افتتاحی پرواز پیر کو دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) کے ٹرمینل 3 سے روانہ ہوئی اور حلب انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ALP) پہنچنے پر اسے روایتی واٹر کینن سلامی دی گئی جبکہ مقامی حکام نے مسافروں کا استقبال کیا۔ یہ نئی سروس فلائی دبئی کے عالمی نیٹ ورک کی توسیع میں ایک اہم پیش رفت ہے، جو متحدہ عرب امارات اور شام کے درمیان فضائی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ کاروبار، سیاحت اور اہل خانہ سے ملاقات کی غرض سے سفر کرنے والے مسافروں کو زیادہ سہولت فراہم کرے گی۔

یہ پروازیں موسمِ گرما کے دوران بڑھتی ہوئی سفری مانگ کے پیش نظر متحدہ عرب امارات اور خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے دیگر ممالک میں مقیم شامی برادری کے لیے بھی سفر کا آسان ذریعہ ثابت ہوں گی۔ یہ سروس دمشق کے لیے فلائی دبئی کی یومیہ تین پروازوں کی تکمیل بھی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی اور تجارتی اہمیت کے حامل شہر حلب کے لیے روزانہ پروازوں کا آغاز شام میں ایئرلائن کی موجودگی کو مزید مضبوط بناتا ہے اور خطے کی اہم منڈیوں کو دبئی سے جوڑنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال شام کے دارالحکومت دمشق کے لیے پروازیں شروع کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات اور شام کے درمیان سفر کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ حلب فلائی دبئی کے بڑھتے ہوئے عالمی نیٹ ورک میں تازہ ترین منزل ہے۔ اس سے قبل ایئرلائن نے تھائی لینڈ کے شہر بینکاک اور لیبیا کے شہر بن غازی کے لیے پروازیں شروع کیں جبکہ 23 ستمبر 2026 سے نیپال کے شہر پوکھرا کے لیے بھی نئی پروازیں شروع کی جائیں گی۔ حلب کے لیے نئی پروازیں فلائی دبئی اور ایمریٹس کے کوڈ شیئر معاہدے کے تحت چلائی جا رہی ہیں۔ یہ پروازیں روزانہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 سے حلب انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوں گی۔

مزید خبریں