گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے منگل کے روز وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (FPCCI) کے وفد نے ملاقات کی ۔ گورنر ہائوس پشاور تر جمان کے مطابق وفد میں ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ، یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) کے سرپرست اعلیٰ و سابق صوبائی وزیر ایس ایم تنویر، چیئرمین یو بی جی غضنفر بلور، جنرل سیکرٹری حاجی محمد افضل، سرحد چیمبر آف …
گورنر خیبرپختونخوا سے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے وفد کی ملاقات

مزید خبریں
پشاور۔ 21 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے منگل کے روز وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (FPCCI) کے وفد نے ملاقات کی ۔ گورنر ہائوس پشاور تر جمان کے مطابق وفد میں ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ، یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) کے سرپرست اعلیٰ و سابق صوبائی وزیر ایس ایم تنویر، چیئرمین یو بی جی غضنفر بلور، جنرل سیکرٹری حاجی محمد افضل، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جنید الطاف اور خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سرپرست جواد کاظمی اور دیگر شامل تھے۔ملاقات میں خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری، صنعت، تجارت، برآمدات کے فروغ، خصوصی اقتصادی زونز، سیاحت، معدنیات، سرحدی تجارت اور نجی شعبے کے کردار سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل، معدنیات، پن بجلی، زراعت، سیاحت اور انسانی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں۔گورنر نے کہا کہ پائیدار امن، بہتر انفراسٹرکچر اور علاقائی روابط کے فروغ سے خیبرپختونخوا معاشی سرگرمیوں کا اہم مرکز بن سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صنعتکاروں اور تاجر برادری کے تعاون سے صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وہ پہلے بھی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں، مختلف چیمبرز آف کامرس اور کاروباری تنظیموں کو خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے رہے ہیں اور صوبے کی مثبت شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کی سرگرمیوں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کی کاروبار دوست پالیسیوں، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کاوشوں اور نجی شعبے کے ساتھ مسلسل رابطوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ تاجر برادری صوبے کی معاشی ترقی، روزگار کے مواقع میں اضافے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔







