مون سون سے قبل ہی حکومت نے ضروری اقدامات مکمل کرلیے ہیں،عظمی بخاری

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر حکومت نے مون سون سیزن سے قبل ہی تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ شہریوں کو بارشوں کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

لاہور۔21جولائی (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر حکومت نے مون سون سیزن سے قبل ہی تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ شہریوں کو بارشوں کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پنجاب بھر میں تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں واسا کا نظام قائم کر دیا گیا ہے جبکہ پہلے مرحلے میں15 اضلاع کی واسا کو 272 نئی اور جدید12 اقسام کی مشینری فراہم کی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں پنجاب کے تمام اضلاع کو مزید 694 جدید مشینیں فراہم کی جائیں گی،جس سے نکاسی آب کے نظام کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا واسا پروگرام ہے،جس کے ذریعے شہریوں کو بہتر اور بروقت شہری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب بھر میں105 انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینکس کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے،جن میں سے82 ٹینکس مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی23 پر تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا 78 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ 11 روز کے اندر باقی تمام23 انڈر گراونڈ سٹوریج ٹینکس بھی مکمل کر لیے جائیں گے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینکس کا منصوبہ نہ صرف بارشی پانی کے موثر انتظام میں معاون ثابت ہوگا بلکہ زیر زمین پانی کی سطح کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف صرف آج کے مسائل حل نہیں کر رہیں بلکہ پنجاب کے واٹر سٹوریج سسٹم کو آئندہ 50 سال کی ضروریات کے مطابق مضبوط بنیادوں پر استوار کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور تعمیراتی کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کو محفوظ، پائیدار اور جدید شہری انفراسٹرکچر کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

مزید خبریں