بلوچستان انفارمیشن کمیشن کے زیر اہتمام حقِ معلومات ایکٹ سے متعلق ایک روزہ آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں سول سوسائٹی کے نمائندوں، طلبہ اور قانون کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
بلوچستان انفارمیشن کمیشن کے زیر اہتمام حقِ معلومات ایکٹ سے متعلق ایک روزہ آگاہی ورکشاپ کا انعقاد

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 21 جولائی (اے پی پی):بلوچستان انفارمیشن کمیشن کے زیر اہتمام حقِ معلومات ایکٹ سے متعلق ایک روزہ آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں سول سوسائٹی کے نمائندوں، طلبہ اور قانون کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔منگل کو منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر بلوچستان انفارمیشن کمیشن عبدالشکور نے کہا کہ حقِ معلومات کا قانون شفاف، جوابدہ اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری معلومات تک بروقت رسائی فراہم کرنا ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے جبکہ معلومات تک رسائی سے نہ صرف عوام کا اعتماد بحال ہوتا ہے بلکہ گورننس کے نظام میں بھی بہتری آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان انفارمیشن کمیشن عوام میں حقِ معلومات کے قانون سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے مختلف اضلاع میں آگاہی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اپنے قانونی حق سے آگاہ ہو سکیں۔تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر کمشنر بلوچستان انفارمیشن کمیشن عبدالشکور نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ شرکاء حقِ معلومات کے پیغام کو معاشرے کے مختلف طبقات تک پہنچانے میں موثر کردار ادا کریں گے۔
شرکاء نے حق معلومات کے قانون کے حوالے سے منعقدہ آگاہی نشست کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بلوچستان انفارمیشن کمیشن کی جانب سے حقِ معلومات کے قانون کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔








