وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ہزار کلو گرام مردہ مرغیاں اور 680 لیٹر غیر معیاری دودھ برآمد کرکے تلف کر دیا جبکہ ذمہ داران کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،3 ہزار کلو مردہ مرغیاں اور 680 لیٹر غیر معیاری دودھ پکڑکر تلف

مزید خبریں
پشاور۔ 21 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ہزار کلو گرام مردہ مرغیاں اور 680 لیٹر غیر معیاری دودھ برآمد کرکے تلف کر دیا جبکہ ذمہ داران کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پشاور میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے خفیہ اطلاع پر باچا خان چوک میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ہزار کلو گرام مردہ مرغیاں برآمد کیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ مردہ مرغیاں پنجاب سے پشاور منتقل کی گئی تھیں۔ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جبکہ برآمد ہونے والی تمام مردہ مرغیاں ڈمپنگ سائٹ پر تلف کر دی گئیں۔
دوسری جانب کوہاٹ میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے دودھ کی ایک دکان پر چھاپہ مارا اور موقع پر موبائل فوڈ ٹسٹنگ لیبارٹری سے دودھ کے نمونوں کی جانچ پڑتال کی، نمونے غیر معیاری ثابت ہونے پر600 لیٹر دودھ تلف کیا اور دکان کے مالک پر بھاری جرمانہ عائد کیا۔اسی طرح ڈی آئی خان میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے بھکر پل پر ناکہ بندی کی اور دودھ لے جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی جس کے دوران 80 لیٹر غیر معیاری دودھ برآمد کرکے موقع پر تلف کر دیا۔
معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور مضر صحت خوراک کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔








