پی ٹی اے کا ٹیلی کام صارفین کے لئے قیمتوں میں شفافیت کے پیش نظر اہم قدم

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے صارفین میں آگاہی اور قیمتوں میں شفافیت کے سلسلے میں جاری اقدامات کے تحت پی ٹی اے ویب سائٹ کے کنزیومر اوئیرنس سیکشن کو مزید بہتر بنا دیا گیا ہے تاکہ ٹیلی کام صارفین کو قیمتوں سے متعلق معلومات و رجحانات تک بہتر رسائی فراہم کی جا سکے۔

اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے صارفین میں آگاہی اور قیمتوں میں شفافیت کے سلسلے میں جاری اقدامات کے تحت پی ٹی اے ویب سائٹ کے کنزیومر اوئیرنس سیکشن کو مزید بہتر بنا دیا گیا ہے تاکہ ٹیلی کام صارفین کو قیمتوں سے متعلق معلومات و رجحانات تک بہتر رسائی فراہم کی جا سکے۔منگل کوپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے جاری بیان کے مطابق اس اقدام کے تحت، پی ٹی اے نے جاز، یوفون، ٹیلی نار اور زونگ کی جانب سے صارفین کی تعداد کے لحاظ سے سرفہرست 15 ہائبرڈ اور ڈیٹا بنڈلز کی قیمتیں جامع اور صارف دوست انداز میں پیش کی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ موجودہ قیمتوں پر مشتمل تازہ ترین ٹیرف شیٹس بھی فراہم کی گئی ہیں۔ اس معلومات میں ہر پیکیج کی سہ ماہی قیمتیں، سالانہ اضافے کی شرح، پیکیج کی مدتِ استعمال اور آپریٹروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی مراعات شامل ہیں، تاکہ صارفین مختلف ٹیلی کام پیکیجز کا موثر انداز میں موازنہ اور انتخاب کر سکیں۔صارفین کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ قیمتوں سے متعلق تازہ ترین معلومات و رجحانات کی آگاہی کے لئے پی ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ کے کنزیومر اوئیرنس سیکشن اور متعلقہ ٹیلی کام آپریٹرز کی ویب سائٹس باقاعدگی سے دیکھیں۔ پی ٹی اے پاکستان کے ٹیلی کام شعبے میں صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے۔

 

مزید خبریں