پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری نے مون سون سیزن کے دوران شہریوں اور سیاحوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پھسلن، ٹریفک حادثات، لینڈ سلائیڈنگ، برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور دیگر ہنگامی حالات کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے، لہٰذا غیر ضروری سفر سے گریز کرتے ہوئے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے
مون سون سیزن کے دوران شہری اور سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ریسکیو 1122 مری کی ہدایت

مزید خبریں
راولپنڈی۔21جولائی (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری نے مون سون سیزن کے دوران شہریوں اور سیاحوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پھسلن، ٹریفک حادثات، لینڈ سلائیڈنگ، برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور دیگر ہنگامی حالات کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے، لہٰذا غیر ضروری سفر سے گریز کرتے ہوئے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے
۔ریسکیو 1122 مری کے ترجمان کے مطابق بارش کے دوران گاڑی چلاتے وقت رفتار کم رکھی جائے، مناسب فاصلہ برقرار رکھا جائے اور پھسلن کے باعث گاڑی بے قابو ہونے یا بریک فیل ہونے جیسے ممکنہ خطرات کے پیش نظر انتہائی احتیاط سے ڈرائیونگ کی جائے۔ پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والے افراد سفر سے قبل موسمی صورتحال اور سڑکوں کی حالت سے آگاہی ضرور حاصل کریں جبکہ خراب موسم میں غیر ضروری نقل و حرکت سے حتی الامکان اجتناب کیا جائے۔ترجمان نے مزید کہا کہ گرج چمک اور آسمانی بجلی کے دوران کھلے مقامات، بلند درختوں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر خطرناک جگہوں سے دور رہنا ضروری ہے۔
شہری برساتی ندی نالوں، تیز بہائو والے پانی اور نشیبی علاقوں میں جانے یا پانی عبور کرنے کی ہرگز کوشش نہ کریں کیونکہ اس سے قیمتی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح ایسے علاقوں میں رہائش یا تعمیرات سے بھی گریز کیا جائے جہاں لینڈ سلائیڈنگ یا سیلابی صورتحال کا خدشہ موجود ہو۔ریسکیو 1122 مری نے شہریوں کو پرانے، خستہ حال اور بوسیدہ مکانات میں رہائش اختیار نہ کرنے اور بارش کے پانی کی مناسب نکاسی کا موثر انتظام یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ عمارتوں کو نقصان اور دیگر حادثات سے بچا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق بارش اور نمی کے باعث بجلی کے آلات، ٹوٹی ہوئی تاروں اور دھاتی اشیاء میں کرنٹ آنے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے، اس لیے بجلی کے کھمبوں، متاثرہ تاروں اور پانی میں موجود برقی آلات سے ہر صورت دور رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔ریسکیو 1122 مری نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مون سون سیزن کے دوران جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں، اپنی اور دوسروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور کسی بھی حادثے یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت امدادی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔








