ایف آئی ایچ، ہاکی ورلڈ کپ کیلئے جرمنی کی مینز ہاکی ٹیم کا پروفائل جاری
ایف آئی ایچ، ہاکی ورلڈ کپ کیلئے جرمنی کی مینز ہاکی ٹیم کا پروفائل جاری

مزید خبریں
لاہور۔22جولائی (اے پی پی):ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ2026 کے آغاز سے قبل عالمی ہاکی فیڈریشن نے شریک ٹیموں کے تعارف پر مبنی سلسلے میں جرمنی کی مینز ہاکی ٹیم کا پروفائل جاری کر دیا ہے۔ترجمان انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے مطابق عالمی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر موجود جرمنی کی ٹیم کو عالمی ہاکی کی مضبوط ترین ٹیموں میں شمار کیا جاتا ہے۔جرمنی نے چار اولمپک گولڈ میڈلز،تین ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ ٹائٹلز اور نو یورپی چیمپئن شپ اعزازات جیت رکھے ہیں۔جرمن ٹیم اپنی بہترین حکمت عملی،مضبوط تکنیک اور بڑے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کے باعث دنیا کی خطرناک ٹیموں میں شامل ہے۔جرمنی نے2023 ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ بھونیشور اور رارکیلا میں شاندار کامیابی حاصل کی تھی،جہاں اس نے فائنل میں بیلجیئم کو شکست دیکر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
پیرس اولمپکس2024 میں بھی جرمنی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا جبکہ2025 یوروہاکی چیمپئن شپ میں نواں یورپی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ایف آئی ایچ پرو لیگ میں جرمنی کی کارکردگی اتار چڑھائو کا شکار رہی،تاہم2025-26 کے سیزن میں ٹیم نے پاکستان، بھارت اور ارجنٹائن کیخلاف کامیابیاں حاصل کیں۔اس دوران جسٹس ویگنڈ جرمنی کے سب سے کامیاب گول اسکورر رہے جبکہ بینڈی کٹ شوارز ہاپٹ، مالٹے ہیل وِگ اور نوجوان کھلاڑی جیکب برِلا نے بھی نمایاں کردار ادا کیا۔جرمنی کی ٹیم کو "ڈائی ہوناماس” کے نام سے جانا جاتا ہے۔ٹیم نے 2025 مینز یورو ہاکی چیمپئن شپ مونشن گلیڈ باخ میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کیا۔جرمنی نے ورلڈ کپ مقابلوں میں 2002، 2006 اور 2023 میں عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا،جبکہ 2010 میں رنر اپ رہی۔2023 کی عالمی چیمپئن ٹیم کی قیادت ہیڈ کوچ آندرے ہیننگ کر رہے ہیں،جنہیں2023 ایف آئی ایچ ہاکی اسٹار ایوارڈز میں کوچ آف دی ایئر کا اعزاز بھی مل چکا ہے۔
ہیڈ کوچ آندرے ہیننگ نے کہا ہے کہ ٹیم نے گزشتہ چند ماہ کے دوران بھرپور محنت کی ہے اور ورلڈ کپ کے لیے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تیار کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں تجربہ اور نوجوانوں کا بہترین امتزاج موجود ہے اور جرمنی اپنے عالمی اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔جرمنی کے اہم کھلاڑیوں میں کرسٹوفر روہر نمایاں ہیں،جو اپنی رفتار، مہارت اور گول کرنے کی صلاحیت کے باعث دنیا کے بہترین اٹیکرز میں شمار ہوتے ہیں۔وہ دو مرتبہ ایف آئی ایچ رائزنگ اسٹار آف دی ایئر کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں اور اب تک 210 بین الاقوامی میچوں میں143 گول کر چکے ہیں۔ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا آغاز15 اگست سے ہوگا، جس میں مردوں اور خواتین دونوں کی ٹیمیں نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔








