جی ٹین پاسپورٹ آفس میں ٹاؤٹ اور ایجنٹ مافیا کا منظم نیٹ ورک بے نقاب ، 3 ملزمان گرفتار

فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے جی ٹین پاسپورٹ آفس کے باہر ٹاؤٹس اور ایجنٹ مافیا کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے ایمرجنسی اور ترجیحی بنیادوں پر پاسپورٹ کی سہولت کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے جی ٹین پاسپورٹ آفس کے باہر ٹاؤٹس اور ایجنٹ مافیا کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے ایمرجنسی اور ترجیحی بنیادوں پر پاسپورٹ کی سہولت کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔مصدقہ اطلاعات کی روشنی میں مجاز اتھارٹی سے منظوری کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران بنیادی ملزم محمد مزمل کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش سے انکشاف ہوا کہ ملزم خاص طور پر خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو اسلام آباد کے جعلی رہائشی پتے پر ترجیحی بنیادوں پر پاسپورٹ بنوانے کے عوض فی کیس 20 ہزار روپے وصول کرتا تھا۔ملزم کی نشاندہی پر دو مزید ملزمان نصیر احمد اور محمد تصور کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

ان کے موبائل فونز کی فرانزک جانچ سے ثابت ہوا کہ ملزم نصیر احمد واٹس ایپ کے ذریعے شہریوں کے ٹوکن نمبرز پاسپورٹ آفس کے اہلکار رضا کو بھجواتا تھا جو جواباً باکس آئی ڈیز فراہم کر کے ترجیحی پراسیسنگ ممکن بناتا تھا۔ تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ اہلکار رضا فی کیس بھاری رقوم ایزی پیسہ اکاؤنٹ کے ذریعے وصول کرتا رہا جس سے اس کا مجرمانہ نیٹ ورک سے براہ راست تعلق ثابت کرنے والی واضح منی ٹریل قائم ہو گئی ہے۔ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں مزید تفتیش کے لیے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ پاسپورٹ آفس اہلکار رضا اور دیگر ملوث افراد کے کردار کا تعین تفتیش کے دوران کیا جائے گا۔

شہریوں سے ہے کہ کسی بھی سرکاری خدمت کے حصول کے لیے ٹاؤٹس یا ایجنٹوں سے رابطہ کرنے کے بجائے متعلقہ ادارے سے براہ راست رجوع کریں اور ایسے کسی بھی واقعے کی اطلاع فوری طور پر ایف آئی اے کو دیں۔مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں
اپوزیشن لیڈر جی بی حفیظ الرحمٰن
اپوزیشن لیڈر جی بی حفیظ الرحمٰن کا بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ پر اظہارِ تشویش، کھچی شاہراہ فوری بحال کرنے کا مطالبہ استور 22 جولائی (اے پی پی):سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان، صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور قائدِ حزبِ اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی حافظ حفیظ الرحمٰن نے گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت گلگت بلتستان اور تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کریں اور عوام کو درپیش مشکلات کے فوری ازالے کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع استور کے علاقے کھچی میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرکزی شاہراہ مکمل طور پر بند ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں مقامی آبادی اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ بھاری مشینری فوری طور پر متاثرہ مقام پر پہنچائی جائے اور سڑک کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کی مشکلات میں جلد از جلد کمی لائی جا سکے۔حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے باعث نہ صرف مقامی افراد بلکہ ملک بھر اور بیرونِ ملک سے بڑی تعداد میں سیاح گلگت بلتستان کا رخ کر رہے ہیں۔ ایسے میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ شاہراہوں کی بحالی، ٹریفک مینجمنٹ، ریسکیو سروسز، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ سیاحوں اور مقامی آبادی کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔\378