چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سیالکوٹ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈسکہ کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا
سی ای او ہیلتھ اتھارٹی سیالکوٹ کا ٹی ایچ کیو ڈسکہ کا اچانک دورہ

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 22 جولائی (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سیالکوٹ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈسکہ کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے میڈیسن اسٹور، ڈسپنسری، ای پی آئی روم، لیبارٹری، ایمرجنسی، خواتین اور بچوں کے وارڈز سمیت او پی ڈی کا معائنہ کیا۔معائنے کے دوران ڈیوٹی روسٹر کے مطابق تمام عملہ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتا پایا گیا۔ میڈیسن اسٹور اور ڈسپنسری میں ضروری ادویات کی دستیابی اور بن کارڈز کی درست دیکھ بھال کو اطمینان بخش قرار دیا گیا، جبکہ ای پی آئی روم میں تمام ضروری ویکسینز بھی موجود تھیں۔ لیبارٹری اور ایمرجنسی میں ضروری طبی آلات اور ادویات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے خواتین اور بچوں کے وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا، جبکہ او پی ڈی میں ڈاکٹرز مریضوں کا معائنہ اور علاج کرتے ہوئے موجود تھے۔ ہسپتال میں صفائی کی مجموعی صورتحال بھی اطمینان بخش قرار دی گئی۔دورے کے اختتام پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ معیاری، بروقت اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ مریضوں کو علاج معالجے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔








