خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے پشتو زبان کے ممتاز شعراء خیبر آفریدی، خاطر آفریدی اور حمزہ بابا کے مزارات کو شایان شان انداز میں تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم ادبی شخصیات پشتو زبان و ادب کا گراں قدر سرمایہ ہیں،
نامور شعراء کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وزیر مواصلات و تعمیرات

مزید خبریں
پشاور۔ 22 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے پشتو زبان کے ممتاز شعراء خیبر آفریدی، خاطر آفریدی اور حمزہ بابا کے مزارات کو شایان شان انداز میں تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم ادبی شخصیات پشتو زبان و ادب کا گراں قدر سرمایہ ہیں، جن کی علمی، ادبی اور فکری خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز نےضلع خیبر کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر وزیر مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ ادیب اور شاعر کسی بھی قوم کی شناخت، تہذیب اور ثقافتی ورثے کے امین ہوتے ہیں، اس لیے ان کی خدمات کا اعتراف اور ان کی یادگاروں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
شکیل احمد نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اپنی ادبی و ثقافتی شخصیات کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے ورثے کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر آفریدی، خاطر آفریدی اور حمزہ بابا کے مزارات کی تعمیر سے نہ صرف ان عظیم شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا بلکہ نئی نسل کو بھی اپنی ادبی روایات اور ثقافتی ورثے سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا۔وزیر مواصلات و تعمیرات نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس منصوبے پر پیش رفت کے لیے محکمہ آرکیالوجی سے فوری رابطہ قائم کیا جائے تاکہ قانونی و تکنیکی تقاضے پورے کرتے ہوئے مزارات کی تعمیر کا عمل جلد شروع کیا جا سکے۔








