چیف ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ عامر رشید نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور معیاری پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی کنٹونمنٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہے
شہریوں کو صاف، محفوظ اور معیاری پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی کنٹونمنٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہے ،عامر رشید

مزید خبریں
راولپنڈی۔22جولائی (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ عامر رشید نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور معیاری پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی کنٹونمنٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہے ،اسی مقصد کے تحت فلٹریشن پلانٹس کی اپ گریڈیشن اور جدید خطوط پر بحالی کا عمل مسلسل جاری رکھا جا رہا ہے۔ اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سی ای او عامر رشید نے بتایا کہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے راحت کالونی فلٹریشن پلانٹ کی مکمل تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کا منصوبہ مکمل کر لیا ہے جس سے راحت کالونی اور ملحقہ علاقوں کے ہزاروں مکین مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت فلٹریشن پلانٹ کی عمارت کی اندرونی و بیرونی مرمت، نئی ٹائلز اور ماربل کی تنصیب، پینٹنگ، وائٹ واش اور جدید فلٹریشن سسٹم نصب کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نکاسی آب، برقی نظام اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی بہتر بنایا گیا ہے جبکہ فلٹریشن سسٹم کی مکمل صفائی، فلٹر میڈیا کی تبدیلی، والوز، پائپ لائنوں اور دیگر تکنیکی آلات کی مرمت و سروسنگ بھی مکمل کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو ہر وقت معیاری پینے کا پانی دستیاب رہے۔ عامر رشید نے کہا کہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ تمام فلٹریشن پلانٹس کی باقاعدہ صفائی، جراثیم کشی، پانی کے معیار کی جانچ اور تکنیکی معائنہ بھی یقینی بنا رہا ہے تاکہ شہریوں کو عالمی معیار کے مطابق محفوظ پینے کا پانی فراہم کیا جا سکے۔ راحت کالونی اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں اور کمرشل علاقوں کے عوامی حلقوں نے فلٹریشن پلانٹ کی اپ گریڈیشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے یہ منصوبہ ایک اہم عوامی سہولت ثابت ہو گا۔ انہوں نے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ شہری سہولتوں کی بہتری کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔







