خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ، ڈاکٹر امجد علی نے بدھ کے روز پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کے زیرِ تعمیر کمرشل و رہائشی منصوبے ورسک ون پشاور کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا
خیبر پختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ کا زیرِ تعمیر کمرشل و رہائشی منصوبے ورسک ون پشاور کا دورہ ، جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا

مزید خبریں
پشاور۔ 22 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ، ڈاکٹر امجد علی نے بدھ کے روز پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کے زیرِ تعمیر کمرشل و رہائشی منصوبے ورسک ون پشاور کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران صوبائی وزیر نے منصوبے میں مختلف اپارٹمنٹس اور تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ محمد انور خان، ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ زاہد خان اور محکمہ ہاؤسنگ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔محکمہ ہاؤسنگ کے حکام نے صوبائی وزیر کو منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور کمرشل و رہائشی اپارٹمنٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ورسک ون پشاور پانچ کنال اور گیارہ مرلہ رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جس میں بیسمنٹ پارکنگ سمیت جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ منصوبہ دو سال قبل شروع کیا گیا تھا اور اس میں مجموعی طور پر 160 اپارٹمنٹس شامل ہیں۔ حکام کے مطابق منصوبہ آئندہ سال جون سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائ وزیر ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ ورسک ون پشاور پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کا ایک اہم پائلٹ منصوبہ ہے، جسے عوام کو معیاری اور جدیدرہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے بالخصوص پشاور اور خیبر پختونخوا کے شہریوں کو جدید رہائشی سہولیات میسر آئیں گی۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ورسک ون پشاور کے کمرشل یونٹس اور فلیٹس کو جلد عوام کے لیے مشتہر کیا جائے گا، جبکہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کر سکیں۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی بڑھتی ہوئی رہائشی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید ہاؤسنگ سوسائٹیز، رہائشی پلاٹس، کمرشل فلیٹس اور معیاری شہری سہولیات پر مشتمل منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے، تاکہ شہریوں کو محفوظ، جدید اور باوقار رہائشی ماحول فراہم کیا جا سکے۔







