وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے بہبود آبادی طفیل انجم نے کہا ہے کہ حکومت صوبے بھر میں محکمہ بہبود آبادی کی خدمات کو مزید مؤثر، جدید اور عوام دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ہر شہری کو معیاری خاندانی بہبود اور تولیدی صحت کی سہولیات بروقت میسر آ سکیں
صوبائی حکومت محکمہ بہبود آبادی کی خدمات کو مزید مؤثر، جدید اور عوام دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ، معاون خصوصی طفیل انجم

مزید خبریں
پشاور۔ 22 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے بہبود آبادی طفیل انجم نے کہا ہے کہ حکومت صوبے بھر میں محکمہ بہبود آبادی کی خدمات کو مزید مؤثر، جدید اور عوام دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ہر شہری کو معیاری خاندانی بہبود اور تولیدی صحت کی سہولیات بروقت میسر آ سکیں۔انہوں نے یہ بات بدھ کو ضلع صوابی کے ضلعی دفترِ بہبود آبادی کے دورے کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ بہبود آبادی عبداللہ خان، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر خالد محمود اور محکمہ کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران معاونِ خصوصی نے ضلعی دفتر کی مجموعی کارکردگی، جاری سرگرمیوں، سروس ڈیلیوری، اہداف اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے، عوام تک خدمات کی رسائی بڑھانے اور انتظامی امور میں بہتری لانے کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔طفیل انجم نے فیلڈ سٹاف سے بھی ملاقات کی اور ان کے پیشہ ورانہ مسائل سنے۔
اس موقع پر موبائل سروس یونٹ (ایم ایس یو) کی گاڑیوں کی خستہ حالی کا مسئلہ اٹھایا گیا، جس پر معاونِ خصوصی نے یقین دہانی کرائی کہ فیلڈ سٹاف کو بہتر سفری سہولیات اور ضروری وسائل کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے تاکہ دور دراز علاقوں میں خدمات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہ سکے۔اجلاس میں صوابی میں ری پروڈکٹیو ہیلتھ سروسز سینٹر (آر ایچ ایس سی) کی بحالی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ معاونِ خصوصی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس منصوبے پر پیش رفت تیز کی جائے تاکہ عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔بعد ازاں طفیل انجم نے فیملی ویلفیئر سنٹر شاہ منصور کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا، عملے سے ملاقات کی اور مریضوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔معاونِ خصوصی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت محکمہ بہبود آبادی کے ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط، جدید اور فعال بنانے، فیلڈ سٹاف کے مسائل حل کرنے اور عوام کو معیاری خاندانی بہبود و تولیدی صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔







