نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے 22 سے 24 جولائی کے دوران شدید مون سون بارشوں اور مغربی ہوائوں کے سلسلے کے باعث دریائوں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا۔بدھ کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان اور پنجاب میں تیز اور بعض مقامات پر موسلادھار بارشوں کے باعث اچانک …
این ڈی ایم اے کی جانب سے دریائوں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے 22 سے 24 جولائی کے دوران شدید مون سون بارشوں اور مغربی ہوائوں کے سلسلے کے باعث دریائوں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا۔بدھ کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان اور پنجاب میں تیز اور بعض مقامات پر موسلادھار بارشوں کے باعث اچانک سیلابی صورتحال، پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔گلگت بلتستان میں غذر، ہنزہ، نگر، گلگت، دیامر، گانچھے، شگر، استور، کھرمنگ اور روندو کے دریاؤں، آبی گزرگاہوں اور مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں چترال، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، پشاور، خیبر، کرم، اورکزئی، کوہاٹ، بنوں، کرک، ہنگو، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک، ڈی آئی خان، باجوڑ، مہمند اور لکی مروت کے ندی نالے میں تیز بہاؤ اور پہاڑی برساتی ریلے متوقع ہے۔آزاد جموں و کشمیر میں باغ، حویلی، پونچھ، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور کے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ برقرار ہے۔پنجاب میں ڈی جی خان، راجن پور کے پہاڑی برساتی نالوں اور میانوالی (عیسیٰ خیل) میں دریائے کرم میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔بلوچستان میں ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، زیارت، دکی، بارکھان، ہرنائی، سبی، کچھی، خضدار، لہڑی اور جھل مگسی کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
شہری سیلاب کے خطرے کے پیش نظر راولپنڈی، جہلم، فیصل آباد، میانوالی، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ اور مردان کے نشیبی علاقوں میں احتیاط برتی جائے۔دریائے چناب مرالہ کے مقام پر اونچے درجے جبکہ دریائے جہلم منگلا کے بالائی علاقوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔جہلم اور چناب بیسن کے نالوں ڈورا، ڈوٹا، ڈوارہ، بھمبر، ہلسی، ایک اور پلکھو جبکہ راوی بیسن کے بین، بسنتر، ڈیگ اور سکّی نالوں میں بھی پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔دریائے راوی بلوکی کے مقام پر آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران کم درجے کے سیلاب کا امکان ہے، جبکہ دریائے سوات، پنجکوڑہ، چترال، کابل اور اس کے معاون دریاؤں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کی توقع ہے۔
این ڈی ایم اے نےعوام کو حساس مقامات اور پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، ہنگامی ٹیموں کی تیاری اور ممکنہ بند شاہراہوں کی فوری بحالی کے انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ”سے بروقت معلومات حاصل کریں ۔ این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔






