صنعتی جدت اور مصنوعی ذہانت کا مرکز پاکستان کی ترقی میں انقلابی کردار ادا کرے گا، ہارون اختر خان

صنعتی جدت اور مصنوعی ذہانت کا مرکز پاکستان کی ترقی میں انقلابی کردار ادا کرے گا، ہارون اختر خان

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ صنعت، جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان مضبوط روابط حکومت کی اولین ترجیح اور پاکستان کو جدید صنعت اور مصنوعی ذہانت کے عالمی نظام سے ہم آہنگ کرنا حکومت کا عزم ہے، صنعتی جدت اور مصنوعی ذہانت کا مرکز پاکستان کی صنعتی ترقی میں انقلابی کردار ادا کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن، نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور این ای ڈی یونیورسٹی کے درمیان صنعتی جدت و مصنوعی ذہانت کے مرکز کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے کہا کہ قومی صنعتی پالیسی کے تحت صنعت، جامعات اور تحقیقاتی اداروں کے درمیان مضبوط روابط حکومت کی اولین ترجیح اور پاکستان کو جدید صنعت اور مصنوعی ذہانت کے عالمی نظام سے ہم آہنگ کرنا حکومت کا عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق پاکستان کا پہلا صنعتی جدت اور مصنوعی ذہانت کا مرکز قائم کیا جا رہا ہے، یہ مرکز جدید صنعت، مصنوعی ذہانت اور تحقیق کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا اور پاکستان کی صنعتی ترقی میں انقلابی کردار ادا کرے گا، مصنوعی ذہانت کے ذریعے صنعتی پیداوار، معیار اور پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ ممکن ہو گا۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ صنعت اور جامعات کے درمیان مضبوط اشتراک ہی جدید معیشت کی بنیاد ہے، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کے ذریعے پاکستان کی صنعت کو عالمی مسابقت کے قابل بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی جدت کا یہ مرکز نوجوان انجینئرز، محققین اور صنعتکاروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا، یہ منصوبہ صنعت، تحقیق اور تعلیم کے درمیان مضبوط تعلق قائم کرنے کی جانب تاریخی پیش رفت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مرکز پاکستان کو جدید صنعتی ٹیکنالوجی اور سہ جہتی تیاری کے عالمی نظام میں مؤثر مقام دلانے میں معاون ثابت ہوگا اور صنعتی ترقی، اختراع اور مصنوعی ذہانت کے فروغ سے نوجوانوں کے لیے اعلیٰ معیار کے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ جدید صنعت ہی مضبوط معیشت اور پائیدار ترقی کی ضمانت ہے،پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن صنعتی ترقی کے نئے دور کی قیادت کر رہی ہے، صنعتی شعبے میں مصنوعی ذہانت کا استعمال قومی پیداوار اور برآمدات میں اضافے کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتوں میں جدید ٹیکنالوجی، اختراع اور تحقیق کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

مزید خبریں