نیشنل انڈر 15 ہاکی رجسٹریشن پورٹل کا باقاعدہ آغاز

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک بھر سے ابھرتے ہوئے ہاکی ٹیلنٹ کی تلاش اور ان کی تربیت کے لیے نیشنل انڈر 15 ہاکی رجسٹریشن پورٹل کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

لاہور۔24جولائی (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک بھر سے ابھرتے ہوئے ہاکی ٹیلنٹ کی تلاش اور ان کی تربیت کے لیے نیشنل انڈر 15 ہاکی رجسٹریشن پورٹل کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد گراس روٹ سطح پر ہاکی کے فروغ کو یقینی بناتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو قومی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔فیڈریشن نے ملک بھر کے سرکاری و نجی سکولوں کے پرنسپلز سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اداروں کو پورٹل پر رجسٹر کروائیں، جبکہ 15 سال سے کم عمر طلبہ کو بھی رجسٹریشن کی ترغیب دی گئی ہے۔ رجسٹرڈ سکول قومی انڈر 15 ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام کا حصہ بن سکیں گے ا ور دستیاب وسائل کی بنیاد پر انہیں ہاکی کٹس کی فراہمی کے لیے بھی زیر غور لایا جائے گا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق اس رجسٹریشن مہم کے ذریعے ملک میں انڈر 15 ہاکی کھلاڑیوں کا پہلا جامع قومی ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا، جس سے نچلی سطح پر موجود ٹیلنٹ کی نشاندہی، کھلاڑیوں کی نگرانی اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پروگرام کے تحت اضلاع کی سطح پر تربیت یافتہ اور تصدیق شدہ کوچز تعینات کیے جائیں گے، جو شریک سکولوں میں کوچنگ سیشنز منعقد کریں گے، کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھاریں گے اور ہاکی کی ترقی کے لیے معاونت فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ منتخب سکولوں کو کھیلوں کا سامان اور ہاکی کٹس بھی فراہم کی جا سکتی ہیں۔یہ پروگرام رواں سال کے آخر یا آئندہ سال کے آغاز میں منعقد ہونے والی نیشنل انڈر 15 ہاکی چیمپئن شپ پر اختتام پذیر ہوگا، جہاں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو پاکستان کی نیشنل انڈر 15 ہاکی ٹیم کے لیے منتخب کیا جائے گا تاکہ وہ بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کر سکیں۔

مزید خبریں