وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں ، جدید طبی سہولیات، آپریشن تھیٹرز، آئی سی یو، کیتھ لیب، ایمرجنسی، وارڈز، تشخیصی یونٹس اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔
وزیر صحت پنجاب کا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ،جدید طبی آلات ،سکیورٹی کا جائزہ لیا

مزید خبریں
سرگودھا۔ 24 جولائی (اے پی پی):وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں ، جدید طبی سہولیات، آپریشن تھیٹرز، آئی سی یو، کیتھ لیب، ایمرجنسی، وارڈز، تشخیصی یونٹس اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔
انہوں نے ہسپتال میں نصب جدید طبی آلات، صفائی ، سہولیات، سکیورٹی، طبی عملے کی تیاری اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ہسپتال میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں حسین احمد رضا چوہدری ڈپٹی کمشنر سرگودھا، توقیر محمد نعیم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈین میجر جنرل خرم شہزاد، پراجیکٹ ڈائریکٹر برگیڈیر محمد آصف چیمہ اور متعلقہ محکموں کے دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈین میجر جنرل خرم شہزاد اور پراجیکٹ ڈائریکٹر برگیڈیر محمد آصف چیمہ نے ہسپتال کی مجموعی تیاری، جدید طبی سہولیات، ہیومن ریسورس، طبی آلات کی تنصیب، سکیورٹی پلان، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی اور دیگر انتظامات بارے بریفنگ دی۔
وزیر صحت پنجاب نے ہدایت کی کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو ہر لحاظ سے مکمل طور پر فعال اور عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جائے تاکہ عوام کوامراضِ قلب کے معیاری اور جدید علاج کی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو بہترین علاج کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا خطے کے عوام کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک تاریخی اور انقلابی صحت منصوبہ ہے۔ ادارے کے فعال ہونے سے سرگودھا ڈویژن اور گردونواح کے لاکھوں شہریوں کو امراضِ قلب کی جدید اور معیاری تشخیصی و علاج معالجے کی سہولیات اپنے علاقے میں میسر آئیں گی، جس سے بڑے شہروں پر علاج کے لیے انحصار میں نمایاں کمی آئے گی۔








