وفاقی وزیر پٹرولیم نے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی قائم کر دی

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن (او ٹی سی اے) کے صدر عابد اللہ آفریدی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں آئل ٹینکر انڈسٹری کو درپیش مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن (او ٹی سی اے) کے صدر عابد اللہ آفریدی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں آئل ٹینکر انڈسٹری کو درپیش مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر نےایسوسی ایشن کے تحفظات کا جائزہ لینے اور ایک ہفتے کے اندر سفارشات پیش کرنے کے لیے سپیشل سیکرٹری پٹرولیم کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی۔کمیٹی میں ڈائریکٹر جنرل (آئل)، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے نمائندے، آئل ٹینکر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن (او ٹی سی اے) کے نمائندے اور آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) کے سیکرٹری جنرل شامل ہوں گے۔

ملاقات کے دوران او ٹی سی اے کے وفد نے اپنے اہم مطالبات پیش کیے جن میں وائٹ آئل پائپ لائن کے کوٹے میں کمی، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کی جانب سے فریٹ کنٹریکٹس کی شفاف تقسیم کا طریقہ کار، فریٹ فارمولے کو کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) سے منسلک کرنا اور کمرشل لوڈنگ کا فوری خاتمہ شامل تھے۔وفاقی وزیر نے اوگرا کو ہدایت کی کہ وہ تمام متعلقہ فریقوں کےساتھ مل کر آئل ٹینکر کنٹریکٹرز کے جائز مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نےآئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی ہدایت دی کہ وہ فریٹ کنٹریکٹس کی تقسیم سے متعلق اپنی تحریری پالیسی وزارت کو فراہم کریں تاکہ اگر کسی قسم کی امتیازی پالیسی موجود ہو تو اس کا تدارک کیا جا سکے۔

انہوں نےہدایت کی کہ اوگرا آئل ٹینکرز کی موثر ٹریکنگ کو یقینی بنائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ڈیلرز کی گاڑیاں پرائمری ٹرانسپورٹیشن میں شامل نہ ہوں۔علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک بھر میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی اور عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نےکہا کہ تمام متعلقہ فریق قومی مفاد میں باہمی تعاون خصوصاً موجودہ چیلنجنگ حالات میں کام کریں۔

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کو باہمی مشاورت کے ذریعے حل کیا جائے گا۔او ٹی سی اے کے وفد نے وفاقی وزیر کے مثبت رویے کو سراہتے ہوئے کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی مذاکرات اور تعاون کے ذریعے تمام مسائل خوش اسلوبی سے حل کر لیے جائیں گے۔

 

مزید خبریں