سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس کی سیکٹر ایف-14/15 کے الاٹیز کو چھ ماہ بعد مرحلہ وار قبضہ دینے کا عمل شروع کرنے کی ہدایت

سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی حکومت ملازمین ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے سیکٹر ایف-14/15 میں رواں سال کے اختتام تک کلیئر ہونے والے علاقوں کے الاٹیز کو مرحلہ وار چھ ماہ بعد پلاٹس کا قبضہ دینا شروع کیا جائے جبکہ آئندہ تین برس کے دوران منصوبے کے تمام الاٹیز کو پلاٹس کا قبضہ فراہم کیاجائے۔

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی حکومت ملازمین ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے سیکٹر ایف-14/15 میں رواں سال کے اختتام تک کلیئر ہونے والے علاقوں کے الاٹیز کو مرحلہ وار چھ ماہ بعد پلاٹس کا قبضہ دینا شروع کیا جائے جبکہ آئندہ تین برس کے دوران منصوبے کے تمام الاٹیز کو پلاٹس کا قبضہ فراہم کیاجائے۔پیر کو ایف جی ای ایچ اے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس نے ایف جی ایچ اے ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں ڈائریکٹر جنرل ایف جی ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال، متعلقہ ونگز کے سربراہان، پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں جی-14 مرکز، ایف-14/15، ایفرو لائف اسٹائل ریزیڈنسی، اسکائی لائن اپارٹمنٹس اور دیگر جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری نے لائف اسٹائل ریزیڈنسی منصوبے پر ترقیاتی کام جلد شروع کرنے، کمرشل پلاٹس کی نیلامی مکمل شفافیت اور قواعد کے مطابق کرانے، کمرشل اثاثوں کے مؤثر استعمال، ریونیو میں اضافے اور اتھارٹی کی خدمات کی مرحلہ وار ڈیجیٹلائزیشن کی ہدایت کی۔بعد ازاں سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس نے سیکٹر ایف-14/15 اور جی-14 مرکز کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیکٹر ایف-14/15 میں جدید سائیکل ٹریکس، معیاری انفراسٹرکچر، گرین بیلٹس، لینڈ اسکیپنگ اور اعلیٰ معیار کے ترقیاتی کام یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا اور منصوبے کا دوبارہ معائنہ بھی جلد کیا جائے گا۔

انہوں نے جی-14 مرکز میں مجوزہ کمرشل پلاٹس، صفائی، پارکنگ، انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے فوری بہتری، تجاوزات کے خاتمے، سرکاری اراضی کے تحفظ، لینڈ مینجمنٹ اور ترقیاتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری نے کہا کہ تمام منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، غفلت یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ بہتر کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے ڈائریکٹر جنرل ایف جی ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال، متعلقہ افسران، انجینئرز اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ڈائریکٹر جنرل ایف جی ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پلاٹس کی پوزیشن سے متعلق انتظامی اور فنی امور پر کام مزید تیز کیا جائے، غیر حاصل شدہ رقبے سے متعلق معاملات جلد مکمل کیے جائیں اور تمام شعبے باہمی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی کے ذریعے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور الاٹیز کو مرحلہ وار پلاٹس کی پوزیشن کی فراہمی یقینی بنائیں۔