ہیپاٹائٹس کی موثر روک تھام، بروقت تشخیص ، معیاری علاج کی فراہمی اور عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنا حکومت کی اہم ترین ترجیحات میں شامل ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا عالمی یوم ہیپاٹائٹس کے موقع پر پیغام

ہیپاٹائٹس کی موثر روک تھام، بروقت تشخیص ، معیاری علاج کی فراہمی اور عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنا حکومت کی اہم ترین ترجیحات میں شامل ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا عالمی یوم ہیپاٹائٹس کے موقع پر پیغام

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس ایک خاموش مگر سنگین مرض ہے جو بروقت تشخیص نہ ہونے، احتیاط نہ برتنے اور مناسب علاج نہ ہونے کی صورت میں انسانی جان کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اس بیماری کی موثر روک تھام اور بروقت تشخیص کو یقینی بنانا، معیاری علاج کی فراہمی اور عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنا حکومت کی اہم ترین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی یوم ہیپاٹائٹس کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو ہر سال 28 جولائی کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ عالمی یوم ہیپاٹائٹس منانے کا مقصد ہیپاٹائٹس سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا، بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، محفوظ طبی طریقہ کار کو فروغ دینے، سکریننگ میں اضافہ کرنے اور بروقت علاج کی سہولیات تک رسائی کو یقینی بنانے سے ہیپاٹائٹس کے پھیلائو پر موثر انداز میں قابو پایا جا سکتا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے شروع کیے گئے ’’پرائم منسٹر ہیپاٹائٹس سی پروگرام‘‘ کو سراہتے ہوئے اسے صحت عامہ کے تحفظ کے لیے ایک قابل تحسین اور بروقت اقدام قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام حکومت کے ہیپاٹائٹس سی کو 2030ء تک ختم کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی ان موثر کاوشوں سے ہیپاٹائٹس کے مرض کے خاتمے میں نمایاں پیش رفت ہوگی۔سپیکر سردار ایاز صادق نے ہیپاٹائٹس سے بچائو کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے نومولود بچوں کی ویکسی نیشن، ملک گیر آگاہی مہمات اور تعلیمی اداروں و ذرائع ابلاغ کے ذریعے آگاہی کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت بھی عوام میں شعور اجاگر کرنے اور ویکسی نیشن کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان صحت عامہ کے شعبے کو مضبوط بنانے، بیماریوں کی روک تھام، احتیاطی تدابیر کے فروغ اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے موثر قانون سازی کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں، طبی ماہرین، سول سوسائٹی، ذرائع ابلاغ اور تعلیمی اداروں کو مل کر عوام میں ہیپاٹائٹس سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور اس بیماری کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہیپاٹائٹس کی روک تھام کے لیے عوامی آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج تک مساوی رسائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرے، باقاعدگی سے طبی معائنہ کروائے اور محفوظ طبی طریقوں کو اپنائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، طبی ماہرین اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان کو ہیپاٹائٹس سے پاک بنانے کے قومی مقصد کا حصول ممکن ہو سکتا ہے۔

 

مزید خبریں