وکلاء نے قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے اور جمہوری اقدار اور اصولوں کی مضبوطی کے لیے فعال اور تعمیری کردار ادا کیا ہے، قومی اسمبلی میں لیجسلیٹو ڈرافٹنگ کونسل قائم کی گئی ہے جس میں تجربہ کار افراد کو میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا گیا ہے تاکہ قانون سازی کے مسودے کے معیار کو مزید مضبوط …

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے اور جمہوری اقدار اور اصولوں کی مضبوطی کے لیے فعال اور تعمیری کردار ادا کیا ہے، قومی اسمبلی میں لیجسلیٹو ڈرافٹنگ کونسل قائم کی گئی ہے جس میں تجربہ کار افراد کو میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا گیا ہے تاکہ قانون سازی کے مسودے کے معیار کو مزید مضبوط اور بہتر بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں حیدرآباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن دادو اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ٹنڈو الہ یار کے وکلاء کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سپیکر صوبائی اسمبلی بلوچستان کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وفد نے سپیکر قومی اسمبلی کو قانونی برادری کے ارکان کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں درپیش مسائل اور چیلنجز سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پیشہ ورانہ ترقی، فلاح و بہبود اور قانونی برادری کے مجموعی مفادات سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ وکلاء نے جمہوری اداروں کی مضبوطی اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ اور قانونی برادری کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر مزید زور دیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے اس بات کا اعادہ کیا کہ قومی اسمبلی کی لیجسلیٹو ڈرافٹنگ کونسل نے قانون سازی کے عمل کو مضبوط بنانے میں موثر کردار ادا کیا ہے۔

وفد نے ملک کے پارلیمانی اداروں کو مضبوط بنانے اور قانونی برادری کے ساتھ زیادہ سے زیادہ روابط کو فروغ دینے پر سپیکر سردار ایاز صادق کی کوششوں کو سراہا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے وفد کو یقین دلایا کہ ملاقات کے دوران اٹھائے گئے مسائل پر غور کیا جائے گا اور مناسب طریقے سے حل کیا جائے گا۔ وفد میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن حیدرآباد کے جنرل سیکرٹری سید شہزاد شاہ سمیت آصف علی ابڑو جوائنٹ سیکرٹری ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن حیدرآباد، ایاز حسین رند جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن دادو اور ضمیر حسین خاصخیلی لائبریری سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ٹنڈو الہ یار شامل تھے ۔