عوام کو معیاری، بروقت اور یکساں طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، بخت محمد کاکڑ

صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری، بروقت اور یکساں طبی سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے اور محکمہ صحت میں اصلاحات، سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری اور دور دراز علاقوں تک بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے منگل کے روزملاقات کیلئے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے …

کوئٹہ۔ 28 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری، بروقت اور یکساں طبی سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے اور محکمہ صحت میں اصلاحات، سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری اور دور دراز علاقوں تک بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے منگل کے روزملاقات کیلئے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صحت کے شعبے کو درپیش مسائل، جاری اصلاحاتی اقدامات اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کے معیار کو بہتر بنانے، ادویات کی دستیابی، طبی آلات کی فراہمی اور مریضوں کو سہولتوں کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو اپنے علاقوں میں ہی معیاری طبی خدمات میسر آ سکیں۔بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ محکمہ صحت میں شفافیت، احتساب اور جدید طبی سہولیات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل، طبی مراکز کی کارکردگی میں بہتری اور صحت کی سہولیات کی موثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی عملے پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ ذمہ داری، دیانتداری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، کیونکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی محکمہ صحت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور عوام کو بہتر، جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اصلاحاتی اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ صوبے کے ہر شہری کو بلا امتیاز صحت کی معیاری خدمات میسر آ سکیں۔

مزید خبریں