"سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے تھانہ شالیمار، تھانہ مارگلہ، تھانہ ترنول اور تھانہ رمنا کا دورہ کرکے پولیس امور، سکیورٹی انتظامات اور عوامی خدمات کا جائزہ لیا۔”
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کا چار اسپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشنز کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے تھانہ شالیمار، تھانہ مارگلہ، تھانہ ترنول اور تھانہ رمنا کا دورہ کیا۔
انہوں نے اسپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشنز (SIPS)پروگرام کے تحت تھانہ جات میں قائم مختلف شعبہ جات، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے تھانہ جات میں تعمیراتی و تزئین و آرائش کے جاری کاموں کی پیش رفت کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جدید، باوقار اور سہولت سے آراستہ پولیس ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے پولیس افسران اور شہریوں کے لیے فراہم کی گئی سہولیات، فرنٹ ڈیسک، ویٹنگ ایریاز، ریکارڈ رومز، صفائی ستھرائی، انتظامی امور اور مجموعی ماحول کا بھی جائزہ لیا اور سروس ڈلیوری کے معیار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ پولیس اسٹیشنز میں آنے والے ہر شہری کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور پیشہ ورانہ انداز میں پیش آیا جائے، ان کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے اور بروقت ریلیف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشنز کا مقصد شہریوں کو جدید، شفاف، باوقار اور عوام دوست پولیسنگ کا ماحول فراہم کرنا ہے، لہٰذا پولیس اسٹیشنز کی صفائی، خوبصورتی، نظم و ضبط اور مجموعی معیار کو ہر وقت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان پولیس اسٹیشنز کی دیکھ بھال اور معیار کو برقرار رکھنا تمام افسران اور اہلکاروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضانے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس جدید پولیسنگ، معیاری عوامی خدمات اور شہریوں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پولیس اسٹیشنز کی بہتری، جدید سہولیات کی فراہمی اور عوام دوست ماحول کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔








