مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ کا گولڈ میڈلسٹ سید بلال شاہ کیلئے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان

وزیراعلی بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے 16ویں ساوتھ ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں مینز فزیک کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت کر بلوچستان، پاکستان اور قوم کا نام روشن کرنے والے نوجوان کھلاڑی سید بلال شاہ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے 20 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔

کوئٹہ۔ 28 جولائی (اے پی پی):وزیراعلی بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے 16ویں ساوتھ ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں مینز فزیک کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت کر بلوچستان، پاکستان اور قوم کا نام روشن کرنے والے نوجوان کھلاڑی سید بلال شاہ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے 20 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔

منگل کے روز صوبائی مشیر کھیل مینا مجید بلوچ سے سید بلال شاہ نے سیکرٹری کھیل درہ بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل کھیل ڈاکٹر یاسر خان بزئی کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کی بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان بلوچستان کی جانب سے انہیں خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔مینا مجید بلوچ نے کہا کہ سید بلال شاہ نے تھائی لینڈ اور بھوٹان میں منعقدہ بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا جو نوجوانوں کے لیے باعثِ فخر اور قابلِ تقلید کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے باصلاحیت کھلاڑی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت ان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی اور سرپرستی جاری رکھے گی۔

اس موقع پر ’’اے پی پی ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے مینا مجید بلوچ نے اعلان کیا کہ حکومت بلوچستان اور محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کی جانب سے سید بلال شاہ کو ان کی غیر معمولی کامیابی کے اعتراف میں 20لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انعام نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی ترغیب دینے کے لیے دیا جا رہا ہے۔

مشیر کھیل نے کہا کہ حکومت بلوچستان کھیلوں کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی اور بین الاقوامی مقابلوں میں صوبے کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ بلوچستان کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا لوہا عالمی سطح پر منوا کر ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں۔