پی ٹی سی ایل کا منافع 4.7 ارب روپے تک پہنچ گیا، یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے انضمام کے بعدآپریٹنگ آمدن میں نمایاں اضافہ

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)کے مجموعی آپریٹنگ منافع میں سالانہ بنیادوں پر226 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے کامیاب انضمام اور مسلسل آپریشنل بہتری کے باعث پی ٹی سی ایل نے 4.7 ارب روپے خالص منافع حاصل کیا۔یہ اعلان اسلام آباد میں کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے بعد کیا گیا جس میں 30 جون 2026ء کو …

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)کے مجموعی آپریٹنگ منافع میں سالانہ بنیادوں پر226 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے کامیاب انضمام اور مسلسل آپریشنل بہتری کے باعث پی ٹی سی ایل نے 4.7 ارب روپے خالص منافع حاصل کیا۔یہ اعلان اسلام آباد میں کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے بعد کیا گیا جس میں 30 جون 2026ء کو ختم ہونے والی ششماہی مدت کے مالی نتائج کی منظوری دی گئی۔پی ٹی سی ایل نے 2026ء کی پہلی ششماہی کے دوران فکسڈ لائن، انٹرپرائز اور موبائل کاروبار میں مسلسل توسیع کے ساتھ مضبوط ترقی کا سلسلہ برقرار رکھا، اس عرصے میں پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (پی ٹی ایم ایل) کے تحت یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے کامیاب انضمام نے بھی کاروباری کارکردگی کو مزید مستحکم کیا۔

کمپنی کی مجموعی آمدنی میں سال بہ سال 62 فیصد اضافہ ہوا جس کی بنیادی وجہ فکسڈ براڈبینڈ، انٹرپرائز اور ہول سیل شعبوں میں مسلسل ترقی اور پی ٹی ایم ایل کے تحت یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے انضمام کے بعد موبائل کاروبار کی مضبوط کارکردگی رہی۔پی ٹی سی ایل کے مجموعی آپریٹنگ منافع میں 226 فیصد اضافہ ہوا جبکہ خالص منافع 4.7 ارب روپے تک پہنچ گیا جو انضمام سے حاصل ہونے والے فوائد، آپریشنل استعداد اور آمدنی میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔پی ٹی سی ایل کی علیحدہ (Standalone) آمدنی میں سال بہ سال 8 فیصد اضافہ ہوا جس میں فلیش فائبر کی آمدنی میں 27 فیصد، بزنس سلوشنز میں 13 فیصد اور کیریئر اینڈ ہول سیل سروسز میں 16 فیصد اضافہ شامل ہے جبکہ کمپنی کے بین الاقوامی کاروبار کی آمدنی میں بھی 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پی ٹی سی ایل نے 8.5 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا جبکہ خالص منافع 3.6 ارب روپے رہا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 211 فیصد بہتری کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کارکردگی میں وائرلیس شعبے سے موصول ہونے والے 2 ارب روپے کے منافع (ڈیویڈنڈ) نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

پی ٹی ایم ایل کی آمدنی میں سال بہ سال 138 فیصد اضافہ ہوا جس کی بنیادی وجہ ٹیلی نار پاکستان کے انضمام کے بعد اس کے مالی نتائج کا یکجا ہونا اور کارپوریٹ و ریٹیل شعبوں میں مسلسل ترقی ہے۔پی ٹی ایم ایل نے 23.1 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 203 فیصد زیادہ ہے۔ یہ اضافہ ٹیلی نار پاکستان کے انضمام، زیادہ آمدنی اور بہتر آپریشنل کارکردگی کا نتیجہ ہے۔یو بینک (Ubank) نے اس عرصے میں 12.3 ارب روپے کی آمدنی حاصل کی اور گزشتہ سال کے اسی عرصے کے آپریٹنگ خسارے کے مقابلے میں آپریٹنگ منافع ریکارڈ کیا۔ بینک کے خالص مالی نتائج میں بھی گزشتہ مدت کے مقابلے میں 85 فیصد بہتری آئی جو اس کی مالی بحالی کے تسلسل کی نشاندہی کرتی ہے۔2026ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران پی ٹی سی ایل نے پی ٹی ایم ایل کے تحت یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کے انضمام کا عمل مکمل کیا جو پاکستان کی ٹیلی کام صنعت کے سب سے بڑے انضمامی اقدامات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔

اسی دوران پی ٹی سی ایل نے فلیش فائبر کے 9 لاکھ صارفین کا سنگ میل بھی عبور کر لیا جس سے پاکستان کے سب سے بڑے فائبر براڈبینڈ فراہم کنندہ کے طور پر اس کی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ کامیابی تیز رفتار اور قابل اعتماد فائبر انٹرنیٹ کی بڑھتی ہوئی طلب اور ملک بھر میں فائبر نیٹ ورک کی توسیع کا نتیجہ ہے۔کمپنی نے مختلف سٹریٹجک شراکت داریوں کے ذریعے اپنی خدمات کے دائرہ کار کو بھی وسعت دی۔ پی ٹی سی ایل نے مرکنٹائل کے ساتھ مل کر میک بک نیو اور 100 ایم بی پی ایس فلیش فائبر کنکشن پر مشتمل خصوصی پیکیج متعارف کرایا جس میں ایپل مصنوعات پر رعایت بھی شامل ہے۔ اسی طرح اوکاشا کے ساتھ شراکت داری کے تحت سمارٹ ہوم سلوشنز جن میں سمارٹ لاکس، سمارٹ لائٹنگ اور دیگر مربوط ڈیوائسز شامل ہیں، صارفین کو فراہم کیے گئے۔

بزنس سلوشنز کا شعبہ بھی مضبوط کارکردگی کا حامل رہا جہاں کلائوڈ سروسز، مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے، سائبر سکیورٹی، مینیجڈ سروسز اور ڈیٹا سینٹر سلوشنز کی بڑھتی ہوئی طلب نے پی ٹی سی ایل کو انٹرپرائز اور حکومتی اداروں کے لیے ایک قابل اعتماد آئی سی ٹی شراکت دار کے طور پر مزید مستحکم کیا۔2026ء کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی فائیو جی سپیکٹرم نیلامی میں نمایاں سپیکٹرم حاصل کرنے کے بعد پی ٹی ایم ایل نے دوسری سہ ماہی میں فائیو جی سروسز کا آغاز بھی کر دیا جبکہ نیٹ ورک کے انضمام کا عمل بھی جاری رکھا۔ کمپنی کے مطابق اضافی سپیکٹرم اور انضمامی عمل سے نیٹ ورک کی استعداد، کوریج اور جدید ترین رابطہ خدمات کی فراہمی مزید بہتر ہوگی۔2026ء کی پہلی ششماہی کے دوران ڈیجیٹلائزیشن کمپنی کی اہم ترجیح رہی۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، شراکت داریوں، سیلف سروس سہولیات اور صارفین پر مرکوز خدمات میں سرمایہ کاری جاری رکھی گئی۔

ڈیجیٹل ری چارج کی شرح 59 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ مائی ٹیلی نار اور یو پی ٹی سی ایل ایپس کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد میں بالترتیب 10 فیصد اور 17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سماجی ذمہ داری کے تحت بھی پی ٹی سی ایل نے صحت، سماجی شمولیت، ڈیجیٹل تحفظ اور بنیادی ضروریات تک رسائی کے شعبوں میں مختلف اقدامات جاری رکھے۔مدرز ڈے مہم کے تحت پی ٹی سی ایل اور یوفون نے اولادوک (Oladoc) کے تعاون سے زچگی کے بعد ڈپریشن سے متعلق آگاہی کی ایک بڑے پیمانے کی مہم شروع کی جس کے ذریعے یو پی ٹی سی ایل ایپ پر مفت تھیراپی سیشنز فراہم کیے گئے۔ اس مہم سے 2 کروڑ 60 لاکھ افراد تک رسائی حاصل ہوئی، 48 ہزار رجسٹریشنز ہوئیں اور 32 ہزار تھیراپی سیشنز مکمل کیے گئے۔

بااختیار پروگرام کے تحت 22 اضلاع میں تربیتی سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا جس میں تقریباً 2,100 خواتین کو ڈیجیٹل اور کاروباری مہارتوں کی تربیت کے لیے شامل کیا گیا۔ یونیسیف کے تعاون سے پولیو آگاہی کے لیے ایس ایم ایس مہم بھی چلائی گئی جبکہ پی ٹی سی ایل کے واٹر پروجیکٹ کے تحت جنوبی پنجاب اور تھر میں تقریباً 1 لاکھ 50 ہزار افراد کو صاف پینے کے پانی تک پائیدار رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔پی ٹی ایم ایل نے ٹیلی کام فائونڈیشن کے اشتراک سے پشاور کے ٹیلی کام فائونڈیشن سکول میں محفوظ انٹرنیٹ آگاہی سیشن بھی منعقد کیا جس میں طلبہ اور اساتذہ کو سائبر سکیورٹی، آن لائن رازداری، ذمہ دارانہ سوشل میڈیا استعمال اور ڈیجیٹل فلاح و بہبود سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔