موجودہ دور میں فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم نوجوانوں کے روشن مستقبل اور باعزت روزگار کی ضمانت ہے،محمد عثمان خان بیٹنی

"وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے فنی تعلیم محمد عثمان خان بیٹنی نے گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج ٹانک کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کی تعلیمی کارکردگی، طلبہ کے داخلوں، تربیتی پروگراموں، دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی گئی۔”

پشاور۔ 28 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے فنی تعلیم محمد عثمان خان بیٹنی نے گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج ٹانک کا دورہ کر کے پرنسپل اور کالج انتظامیہ نے معاونِ خصوصی کو ادارے کی تعلیمی کارکردگی، طلبہ کے داخلوں، جاری تربیتی پروگراموں، دستیاب سہولیات اور ادارے کو درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔

معاونِ خصوصی نے کلاس رومز، ورکشاپس، لیبارٹریز اور دیگر تربیتی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمعاون خصوصی محمد عثمان خان بیٹنی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایات کے مطابق ہر ماہ کم از کم سات اضلاع کے فنی و پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں کے دورے کیے جا رہے ہیں تاکہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے، خامیوں کی نشاندہی ہو اور بروقت اصلاحی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مردان، نوشہرہ اور پشاور کے اداروں کا دورہ پہلے ہی کیا جا چکا ہے جبکہ ٹانک کا دورہ بھی اسی صوبہ گیر مہم کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹانک ان کا آبائی ضلع ہے اور یہاں کے عوام سے ان کی خصوصی وابستگی ہے۔ کالج کی عمارت اور بنیادی ڈھانچہ بہتر ہے، تاہم ماضی میں مناسب توجہ نہ ملنے کے باعث طلبہ کے کم داخلے، تدریسی عملے کی کمی اور دیگر انتظامی مسائل موجود ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔محمد عثمان خان بیٹنی نے کہا کہ موجودہ دور میں فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم نوجوانوں کے روشن مستقبل اور باعزت روزگار کی ضمانت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ادارے میں الیکٹریکل ٹیکنالوجی سمیت مختلف فنی شعبوں میں عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے بیوٹیشن اور سلائی کڑھائی سمیت مختلف پیشہ ورانہ کورسز بھی جاری ہیں۔انہوں نے ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ وہ عوام میں فنی تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا کے اداروں سے تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور اسناد فراہم کی جاتی ہیں، جس کی بدولت وہ ملک کے اندر اور بیرونِ ملک بہتر روزگار اور پرکشش تنخواہوں کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں۔معاونِ خصوصی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت فنی تعلیم کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ تمام متعلقہ اداروں سے باقاعدگی سے کارکردگی رپورٹس حاصل کی جا رہی ہیں، جبکہ دوروں کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کو عملی اور بروقت اقدامات کے ذریعے دور کر کے صوبے بھر میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔