نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا دفتر خارجہ میں امریکہ سے آئے ہوئے کانگریس کے وفد کے دورہ کے موقع پر خطاب

"نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ میں امریکہ سے آئے ہوئے کانگریس کے وفد کے دورے کے موقع پر خطاب کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔”

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو وزارتِ خارجہ میں امریکہ سے آئے ہوئے کانگریس کے وفد کے دورہ کے موقع پر خطاب کیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفد میں امریکی ایوانِ نمائندگان کے ارکان ریان زنکے اور مائیکل بامگارٹنر کے علاوہ 33 رکنی امریکی کاروباری وفد بھی شامل تھا۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نائب وزیرِ اعظم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں آنے والی مثبت پیشرفت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پارلیمانی روابط کے تسلسل، اقتصادی تعاون کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنا کر دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، جدت، ٹیکنالوجی، توانائی، زراعت، مینوفیکچرنگ، کان کنی اور معدنیات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے امریکی کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ حکومت سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے، اقتصادی اصلاحات کو آگے بڑھانے اور مشترکہ ترقی و خوشحالی کے فروغ کے لئے طویل المدتی شراکت داریوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔