اسلام آباد پولیس کا کریک ڈاؤن، سنگین جرائم میں ملوث عدالتی مفروران اور اشتہاریوں سمیت18 جرائم پیشہ عناصر گرفتار

"اسلام آباد پولیس کا جرائم کے انسداد اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران عدالتی مفروران اور اشتہاریوں سمیت 18 ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے منشیات اور اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔”

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):اسلام آباد پولیس کا جرائم کے انسداد اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کیلئے موثر کریک ڈائون جاری ہے جس کے دوران سنگین جرائم میں ملوث عدالتی مفروران اور اشتہاریوں سمیت18 جرائم پیشہ عناصر گرفتار کئے گئے، ملزمان کے قبضہ سے منشیات اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد ہوا، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس نے تھانہ گولڑہ، تھانہ بنی گالہ، تھانہ شہزاد ٹائون اور تھانہ سمبل پولیس ٹیموں نے منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث 05 ملزمان کو گرفتار کر لیا،گرفتار ملزمان کے قبضہ سے آئس،مختلف بور کے 02 عدد پستول اورایک رائفل معہ ایمونیشن برآمد کر لئے گئے،گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اشتہاری،سابقہ ریکارڈ یافتہ اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کیلئے چلائی جانے والی خصوصی مہم کے دوران 13 مجرمان کی گرفتاری عمل میں لا ئی گئی۔ ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے، کسی بھی عناصر کو شہریوں کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے، شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کے متعلق متعلقہ تھانہ یاایمرجنسی ہیلپ لائن ’’پکار-15‘‘ پرفوری اطلاع دیں تاکہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے شہر کو جرائم سے پاک کیاجاسکے۔