سری لنکا ویمن ٹیم نے تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کرسیریز جیت لی

"سری لنکا ویمن ٹیم نے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں پاکستان ویمن ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔”

لاہور۔28جولائی (اے پی پی):سری لنکا ویمن ٹیم نے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں پاکستان ویمن ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ سیریز 2-1 سے جیت لی۔

مہندا راجاپاکسے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیا گیا 188 رنز کا ہدف سری لنکا نے صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 37.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔ سیریز کی بہترین کھلاڑی ہرشیتھا سماراوکرما نے شاندار ناقابل شکست 71 رنز بنائے، جبکہ چماری اتھاپتھو نے جارحانہ انداز میں 52 اور حسینی پریرا نے ناٹ آوٹ 50 رنز اسکور کیے۔پاکستان کو پہلی کامیابی کپتان فاطمہ ثنا نے دلائی، جنہوں نے وِشمی گنارتنے کو آوٹ کیا، جبکہ دوسری وکٹ ام ہانی کے حصے میں آئی۔ نشرہ سندھو نے اگرچہ کوئی وکٹ حاصل نہ کی، تاہم انہوں نے اپنے 10 اوورز میں صرف 23 رنز دے کر نپی تلی باولنگ کی۔اس سے قبل پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف دوسرے اوور میں چیتھنا ومکتی نے تین اہم وکٹیں حاصل کرکے پاکستانی بیٹنگ لائن کو شدید دباو میں ڈال دیا۔ صدف شمس، سدرا امین اور عائشہ ظفر جلد پویلین لوٹ گئیں، تاہم گل فیروزہ اور منیبہ علی نے چوتھی وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا۔گل فیروزہ نے پانچ چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے، جبکہ منیبہ علی 34 رنز بنا سکیں۔ کپتان فاطمہ ثنا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 41 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل تھے۔ نجیحہ علوی نے بھی 30 رنز کی مفید اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ بہتر بنانے کی کوشش کی، تاہم پوری پاکستانی ٹیم 40 اوورز میں 187 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔سری لنکا کی جانب سے چماری اتھاپتھو، کاویشا دلہاری اور چیتھنا ومکتی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ انوکا راناویرا نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔چماری اتھاپتھو کو آل راونڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، جبکہ ہرشیتھا سماراوکرما کو شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز ملا۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز دمبولا میں کھیلی جائے گی، جس کا پہلا میچ 31 جولائی جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 2 اور 4 اگست کو ہوگا۔