ایف ڈی اے نے گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 7 کروڑ 35 لاکھ روپے کے کمرشلائزیشن چارجز وصول کئے

"ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف جاری مہم کے دوران گزشتہ مالی سال میں 7 کروڑ 35 لاکھ روپے کے کمرشلائزیشن چارجز وصول کیے گئے۔”

فیصل آباد۔ 28 جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنر ل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف جاری خصوصی مہم کے نتیجے میں گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 7 کروڑ 35 لاکھ روپے کے کمرشلائزیشن چارجز وصول کیے گئے جن میں صرف اپریل، مئی اور جون کے آخری تین ماہ کے دوران 2 کروڑ 44 لاکھ روپے کی ریکوری شامل ہے۔

یہ نمایاں کامیابی مؤثر انتظامی حکمت عملی، مسلسل مانیٹرنگ اور فیلڈ ٹیموں کی بھرپور کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت ایک جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ون افنان سعید سندھو نے غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف جاری مہم، مختلف کارروائیوں اور وصول کیے گئے واجبات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کمرشلائزیشن چارجز کی حوصلہ افزا وصولی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف مہم میں کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے اور قانون شکن پراپرٹی مالکان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ رواں مالی سال کے دوران ریونیو ریکوری کے اہداف مزید مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ رہائشی جائیدادوں کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے حوالے سے موصول ہونے والی درخواستوں پر تیز رفتار محکمانہ کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو بروقت سہولت فراہم ہو، تمام معاملات قانونی دائرہ کار میں رہیں اور غیر قانونی کمرشلائزیشن کی حوصلہ شکنی ہو۔ محمد آصف چوہدری نے کمرشلائزیشن کے معاملات میں غیر ضروری محکمانہ رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رہائشی جائیدادوں کو کمرشل میں تبدیل کرنے کے لیے سرکاری پالیسی اور قواعد و ضوابط پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے ،جن علاقوں میں کمرشلائزیشن پر پابندی عائد ہے وہاں کسی بھی قسم کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ فیلڈ افسران باقاعدگی سے سرویلنس اور انسپکشن کا عمل جاری رکھیں، غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی کرکے فوری قانونی کارروائی عمل میں لائیں اور ریونیو میں اضافے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے شہریوں کو شفاف، تیز رفتار اور قانون کے مطابق خدمات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے، جبکہ غیر قانونی کمرشلائزیشن کے رجحان کی مؤثر حوصلہ شکنی کے ذریعے شہری منصوبہ بندی کے اصولوں کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خاتمے اور ریونیو کے استحکام کے لیے خصوصی مہم پوری قوت سے جاری رکھی جائے گی۔