"چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیرِ انتظام بلوچستان بھر میں قائم ہسپتالوں کی کارکردگی، طبی سہولیات اور صحت کے شعبے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔”
چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیرصدارت اجلاس،مختلف ہسپتالوں کی کارکردگی اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 28 جولائی (اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیرِ انتظام بلوچستان بھر میں قائم مختلف ہسپتالوں کی کارکردگی اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں خصوصی طور پر جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال گوادرکی موجودہ صورتحال، دستیاب سہولیات، آئندہ توسیعی منصوبوں اور درپیش ضروریات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ہسپتال کے لیے مختص فنڈز مکمل طور پر جاری نہ ہونے کے باعث بعض اہم شعبہ جات پر منصوبہ بندی کے مطابق کام مکمل نہیں کیا جا سکا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ فنڈز کے دوبارہ اجرا کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جا سکیں۔اجلاس میں ہسپتال میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد نئے شعبہ جات کے قیام اور موجودہ خدمات کو مزید مؤثر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس ضمن میں ایم آر آئی مشین کی خریداری اور تنصیب، جدید ڈائیلائسز یونٹ، نوزائیدہ بچوں کے لیے جدید انکیوبیٹرز، نئے آئی سی یو یونٹس، جدید ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، نئے آپریشن تھیٹرز، جدید لیبارٹری کی مکمل فعالیت، جبکہ آنکھوں کے شعبہ، ایک این ٹی اور کارڈیالوجی کی خصوصی سہولیات کے قیام پر جلد عملی پیش رفت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا کہ جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال گوادر مکران کے لاکھوں شہریوں کو معیاری اور جدید طبی سہولیات مفت فراہم کرنے والا ایک انتہائی اہم طبی مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کے قیام سے قبل گوادر اور مکران کے عوام کو علاج کی غرض سے کراچی، کوئٹہ اور دیگر بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا تاہم اب انہیں اپنے علاقے میں ہی بین الاقوامی معیار کی طبی خدمات دستیاب ہیں، جو موجودہ حکومت کا ایک اہم عوامی فلاحی اقدام ہے۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال کی تمام ضروریات، جدید طبی آلات، افرادی قوت اور مالی وسائل کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو مزید بہتر، معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال کو جنوبی بلوچستان کا ایک جدید اور مثالی طبی مرکز بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی۔








