ہیپاٹائٹس کے عالمی دن پر نصیر آباد میں آگاہی ریلی کا انعقاد

"ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر نصیر آباد میں آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوام میں ہیپاٹائٹس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔”

کوئٹہ۔ 28 جولائی (اے پی پی):ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر ضلع نصیر آباد میں بلوچستان کے ماہر کنسلٹنٹ لیور ٹرانسپلانٹ پیتھالوجسٹ ڈاکٹر بہاول لہڑی کی سربراہی میں ہیپاٹائٹس سے آگاہی کیلئے ریلی نکالی گئی، جو ڈی ایچ او آفس سے شروع ہو کر سول ہسپتال روڈ اور کمشنر آفس سے ہوتی ہوئی واپس ڈی ایچ او آفس پہنچی۔ ریلی میں ڈسٹرکٹ چیئرمین فرید الحق لہڑی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز جمالی، ایم ایس ڈاکٹر حبیب پندرانی، ماہر امراض قلب ڈاکٹر محمد اسماعیل جتک، ڈاکٹر عبدالغفار ہاشمی،ڈاکٹر عارف لہڑی ڈاکٹر محمد رفیق لہڑی ڈاکٹر نصیر عمرانی، ڈاکٹر حماد اللہ زہری، ڈاکٹر ظاہر حسین عمرانی، سب ڈویڑنل آفیسر بی اینڈ آر ذوالفقار علی لہڑی، میر مزا مینگل ڈاکٹر عبد الفتح لہڑی خان جان بنگلزئی، قبائلی رہنما عبدالرؤف لہڑی، اقلیتی رہنما داسو مل، ہرپال داس میڈیکل ایسوسی ایشن کے مختیار جتک ارباب پندرانی سمیت مرد و خواتین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر بہاول لہڑی نے کہا کہ مؤثر ویکسین کے ذریعے ہیپاٹائٹس بی سےبچاؤ ممکن ہے جبکہ ہیپاٹائٹس سی کا جدید ادویات سے تقریباً مکمل علاج کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادار صحت (WHO) کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 30 کروڑ افراد ہیپاٹائٹس بی یا سی سے متاثر ہیں اور ہر سال لاکھوں نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ تقریباً 13 لاکھ افراد جگر کے امراض کے باعث جان کی بازی ہار جاتے ہیں، جبکہ پاکستان ہیپاٹائٹس سی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نصیر آباد میں ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز جمالی نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے وژن کے مطابق ضلع بھر میں 52 ٹیمیں گھر گھر جا کر ہیپاٹائٹس کی اسکریننگ کر رہی ہیں، مریضوں کی بروقت تشخیص اور مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بروقت ٹیسٹ کرائیں اور محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کر کے ایک صحت مند معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔