"صوبائی مشیر نسیم الرحمٰن خان ملاخیل نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں، جبکہ ماحول دوست پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔”
ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں،صوبائی مشیر نسیم الرحمٰن خان ملاخیل

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 28 جولائی (اے پی پی):صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمٰن خان ملاخیل نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں۔
یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز جیسے فضائی آلودگی، موسمیاتی تبدیلی، جنگلات کی کمی اور آبی وسائل کے ضیاع سے نمٹنے کے لیے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات کی روشنی میں صنعتی اخراج پر قابو پانے، شجرکاری مہمات کو فروغ دینے اور شہری علاقوں میں ماحولیاتی بہتری کے لیے جدید اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔صوبائی مشیر نسیم الرحمٰن خان ملاخیل نے مزید کہا کہ عوامی شمولیت کے بغیر ماحولیاتی اہداف کا حصول ممکن نہیں، لہٰذا شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہمات کو وسعت دی جا رہی ہے۔ تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے تعاون سے ماحول دوست طرزِ زندگی کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت آئندہ نسلوں کے لیے ایک صاف، سرسبز اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور اس مقصد کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر وفود نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے صوبائی مشیر کو آگاہ کیا جس پرصوبائی مشیر نے تمام علاقوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر نے کی یقین دہانی کرائی۔








