ڈپٹی کمشنر قمبر شہدادکوٹ کی زیرِ صدارت چہلمِ شہدائے کربلا کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

"ڈپٹی کمشنر قمبر شہدادکوٹ کامران حسین مشتاق کی زیرِ صدارت چہلمِ شہدائے کربلا کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں سکیورٹی، صفائی، ٹریفک اور دیگر ضروری انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔”

لاڑکانہ۔ 28 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قمبر شہدادکوٹ کامران حسین مشتاق کی زیرِ صدارت دربار ہال ڈی سی آفس قمبر میں چہلمِ شہدائے کربلا کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کے ماتحت مختلف محکموں کے افسران، تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے شرکت کی۔اس موقع پر مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے چہلمِ شہدائے کربلا کے انتظامات کے حوالے سے اپنی تجاویز اور تحفظات پیش کیے، جن میں چہلم کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے، صاف پانی کی فراہمی، سڑکوں اور راستوں پر مناسب روشنی کا انتظام، ضلع بھر میں مجالس اور جلوسوں کی موثر نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے میڈیکل کیمپ قائم کرنے کی تجاویز شامل تھیں۔ڈپٹی کمشنر قمبر شہدادکوٹ کامران حسین مشتاق نے سیپکو حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ چہلم کے دوران دو روز تک ضلع بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔انہوں نے ریسکیو 1122 کے حکام کو بھی ہدایت کی کہ چہلم کے موقع پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ اور سٹینڈ بائی رہیں۔انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) قمبر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ چہلم کے روز ضلع بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ہر صورت موجودگی کو یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔انہوں نے میونسپل کمیٹی اور ٹاؤن کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ سڑکوں اور راستوں کی صفائی، صاف پانی کی فراہمی اور مناسب روشنی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ عزاداروں اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر نے رینجرز اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جائے اور آنے جانے والے افراد پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ذوہیب ضمیر اوڈھانو، ڈی ایچ او قمبر ڈاکٹر گلزار علی ٹونیو سمیت ضلع کے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔