خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن اور ایٹا کے درمیان کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ کے اجرا کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

"خیبر پختونخوا میں سرکاری بھرتیوں کے امتحانی نظام کو جدید، محفوظ، شفاف اور عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانے کے لیے اہم پیش رفت کی گئی ہے۔”

پشاور۔ 28 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا میں سرکاری بھرتیوں کے امتحانی نظام کو جدید، محفوظ، شفاف اور عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔

محکمہ اطلاعات خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اس سلسلے میں خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن (KPPSC) اور ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ETEA) کے درمیان کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ (CBT) کے اجرا، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور ادارہ جاتی استعدادِ کار کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت ایٹا، خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کو کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجی، تکنیکی معاونت اور ضروری مہارت کی منتقلی فراہم کرے گی، تاکہ کمیشن اپنے امتحانات جدید تقاضوں کے مطابق مؤثر انداز میں منعقد کر سکے۔اس شراکت داری کے ذریعے پبلک سروس کمیشن کے افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار میں اضافہ کیا جائے گا، جبکہ کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ کے نفاذ کے لیے درکار تکنیکی صلاحیتوں کو بھی مزید مضبوط بنایا جائے گا۔کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ کے اجرا سے امتحانی عمل مزید تیز، محفوظ، شفاف اور مؤثر ہوگا، جبکہ امیدواروں کو عالمی معیار کے ڈیجیٹل امتحانی نظام کی سہولت میسر آئے گی۔ اس اقدام سے امتحانات کی شفافیت، رفتار، سیکیورٹی، قابلِ اعتمادیت اور مجموعی معیار میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔مفاہمتی یادداشت ٹیکنالوجی، مہارت، تجربے اور بہترین بین الاقوامی طریقۂ کار کے تبادلے کے لیے بھی ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی، جس سے خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کی ادارہ جاتی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔یہ تاریخی شراکت داری خیبر پختونخوا میں میرٹ، شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی امتحانی نظام کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور صوبے میں سرکاری بھرتیوں کے عمل کو مزید مؤثر، قابلِ اعتماد اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔