وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے، جہاں وہ اپنے ہم منصب سے اہم ملاقات ،دونوں ممالک کے درمیان ریلوے، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کریں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے، جہاں وہ اپنے ہم منصب سے اہم ملاقات ،دونوں ممالک کے درمیان ریلوے، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کریں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے اور ترک وزیرِ ٹرانسپورٹ کی مشترکہ سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفود کا اجلاس اور مشترکہ منصوبوں اور باہمی شراکت داری پر غور ہوگا۔وفاقی وزیر ریلوے ترکیہ کے جدید ریلوے مانیٹرنگ، آپریشنل کنٹرول اور سیفٹی سسٹمز کا جائزہ لیں گے۔وفاقی وزیر ریلوے جدید ریلوے ٹیکنالوجی، کوچ و انجن سازی اور مینوفیکچرنگ سہولیات کا دورہ کریں گے۔دورہ ترکیہ کے دوران جدید ریلوے ٹیکنالوجی، سگنلنگ، ڈیجیٹلائزیشن اور انفراسٹرکچر میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔پاکستان ریلوے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، آپریشنل استعداد میں اضافے اور مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ترک تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔جدید کوچز، انجن سازی اور ریلوے مینوفیکچرنگ کے شعبے میں تعاون، پاکستان ریلوے کی مقامی پیداواری صلاحیت بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
ترک کمپنیوں کی پاکستان ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر بھی بات چیت ہوگی۔جدید مانیٹرنگ، سیفٹی اور ڈیجیٹل ریلوے نظام کا مشاہدہ، پاکستان ریلوے کی جدید کاری اور ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو مزید تقویت دے گا۔وفاقی وزیر ریلوے ترکیہ کے جدید شہری اور تیز رفتار ریلوے نظام کا جائزہ لیں گے تاکہ مستقبل میں پاکستان میں ایسے منصوبوں سے استفادہ کیا جا سکے۔وفاقی وزیر ریلوے کادورہ ترکیہ پاکستان ریلوے کو عالمی معیار کے مطابق جدید، محفوظ، مؤثر اور مسافر دوست ریلوے نظام میں تبدیل کرنے کے حکومتی وژن کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔








