کیئیکو فوجیموری نے پیرو کی صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

پیرو کی نومنتخب صدر کیئیکو فوجیموری نے5سالہ مدت کے لیے صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

لیما ۔29جولائی (اے پی پی):پیرو کی نومنتخب صدر کیئیکو فوجیموری نے5سالہ مدت کے لیے صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

شنہوا کے مطابق دارالحکومت لیما کے قانون ساز محل میں منعقدہ تقریب کے دوران صدارتی شال وصول کرنے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں نو منتخب صدر کیئیکو فوجیموری نے قابلِ پیمائش اہداف کے حصول اور عوام کے سامنے مسلسل جوابدہی کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا۔انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ان کی حکومت دو قومی ہنگامی چیلنجز پر توجہ دے گی، جن میں ایل نینو موسمی مظہر کے اثرات سے نمٹنا اور عوامی تحفظ کو اولین ترجیح دینا شامل ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت ایک قومی ہنگامی منصوبہ شروع کرے گی تاکہ بروقت احتیاطی اقدامات کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت منظم جرائم، منشیات کی سمگلنگ اور غیر قانونی کان کنی کے خلاف آئین میں دستیاب تمام اختیارات استعمال کرتے ہوئے ہر محلے، شاہراہ اور عوامی مقام کو عوام کے لیے دوبارہ محفوظ بنائے گی۔جرائم اور شدید موسمی حالات سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کے تحت انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت ہنگامی صدارتی احکامات جاری کرے گی اور کانگریس سے قانون سازی کے خصوصی اختیارات طلب کرے گی۔ کیئیکو فوجیموری نے کہا کہ ان کی حکومت کا دوسرا بڑا ہدف حمل کے مرحلے سے لے کر بڑھاپے تک شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے، جس کے لیے سماجی پروگراموں اور عوامی خدمات میں اصلاحات کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ تیسرا ہدف مالیاتی استحکام حاصل کرنا ہوگا، جس کے لیے سرکاری مالیات کی تنظیمِ نو، غیر ضروری اخراجات کا خاتمہ اور ریاستی وسائل کا ذمہ دارانہ انتظام کیا جائے گا تاکہ معیشت پر اعتماد بحال ہو۔نومنتخب صدر نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ان کے دورِ حکومت میں پیرو کی خارجہ پالیسی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا جبکہ پیسیفک الائنس اور اینڈین کمیونٹی کے ساتھ معاہدوں کے ذریعے علاقائی انضمام کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (APEC) میں پیرو کے کردار کو مزید فعال بنائے گی اور مشرقِ وسطیٰ کے دوست ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری اور تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔تقریب کے دوران پہلے نائب صدر لوئس گالاریتا اور دوسرے نائب صدر میگوئل ٹوریس نے بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ میگوئل ٹوریس سینیٹ کے صدر بھی ہیں۔

مزید خبریں