وفاقی وزیر تجارت سے سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن(کیئرک) سیکرٹریٹ کے وفد کی ملاقات

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن(کیئرک) سیکرٹریٹ کے وفد نے ملاقات کی۔

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن(کیئرک) سیکرٹریٹ کے وفد نے ملاقات کی۔

ترجمان وزارت تجارت کے مطابق ملاقات میں وزیر تجارت جام کمال خان کو سیکرٹریٹ کے رکن ممالک کے درمیان تجارت، رابطوں، سرمایہ کاری اور معاشی انضمام کو مضبوط بنانے کے لیے اہم علاقائی اقدامات بارے بریفنگ دی گئی ۔وفد نے وزیر تجارت کو آگاہ کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے آنے والے ہفتوں میں ’’بارڈر کنیکٹیویٹی اینڈ لاجسٹکس اپ گریڈ فیسیلٹی‘‘ کی منظوری متوقع ہے، جس کا مقصد پاکستان کے سرحدی بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری میں معاونت کرنا اور علاقائی تجارت و رابطوں کو فروغ دینا ہے۔وفد نے وزیر تجارت کو بتایا کہ پاکستان ’’ریجنل ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن پارٹنرشپ‘‘ (CARIF) فریم ورک کے نفاذ میں سرگرم عمل ہے، یہ فریم ورک اب اپنے عملی مرحلے میں داخل ہو رہا ہے تاکہ خطے میں تجارتی سہولت کاری، لاجسٹکس کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

اجلاس میں منگولیا میں 29 اور 30 ​​ستمبر 2026 کو منعقد ہونے والی کیئرک وزارتی کانفرنس اور بزنس فورم کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کیئرک سیکرٹریٹ نے وفاقی وزیر کو کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی، اس کانفرنس میں کیئرک(CAREC) خطے بھر سے وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام، ترقیاتی شراکت دار، بین الاقوامی سرمایہ کار اور نجی شعبے کے نمائندے شرکت کریں گے۔وفد نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ بزنس فورم میں لاجسٹکس، توانائی کے تحفظ، اہم معدنیات، ڈیجیٹل رابطوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور نجی شعبے کے باہمی تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ وفد نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے کیئرک خطے کی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان کاروباری سطح پر تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے’’’ریجنل چیمبرز الائنس‘‘کے قیام کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔وفاقی وزیر تجارت نے علاقائی معاشی انضمام کو فروغ دینے میں کیئرک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مسلسل تعاون کو سراہا اور علاقائی تجارت، رابطوں اور سرمایہ کاری کے شعبے میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں