پاکستان کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ایک سنگین قومی چیلنج ہے، وزیر مملکت برائے قومی صحت کا تقریب سے خطاب

وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ایک سنگین قومی چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات اور عوامی آگاہی ناگزیر ہے۔

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ایک سنگین قومی چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات اور عوامی آگاہی ناگزیر ہے۔زچہ و بچہ کی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے سامان کی حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو 2040 تک پاکستان کی آبادی 40 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے، جس کے باعث صحت، تعلیم، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات پر مزید دباؤ بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے انفرادی شعور، سماجی ذمہ داری اور مؤثر آگاہی مہمات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ ماں کی صحت ایک مضبوط، صحت مند اور خوشحال خاندان کی بنیاد ہے، لہٰذا زچہ و بچہ کی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کو مزید مؤثر اور قابلِ رسائی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آبادی میں اضافے پر قابو پانے کے لیے نیشنل کونسل تشکیل دی ہے، جو اس قومی مسئلے سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی پر کام کر رہی ہے۔

وزیر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی وزارتِ قومی صحت، متعلقہ اداروں اور شراکت دار تنظیموں کے تعاون سے زچہ و بچہ کی صحت کے فروغ اور خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات کی فراہمی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ملک میں صحت مند خاندانوں اور متوازن آبادی کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔