حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کا پیغام محبت، امن اور اخوت کا عالمی پیغام ہے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ سندھ کے عظیم صوفی بزرگ اور شاعر تھے، جن کا پیغام پوری انسانیت کے لیے محبت، اخوت، امن اور رواداری کا پیغام ہے۔

حیدرآباد۔ 29 جولائی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ سندھ کے عظیم صوفی بزرگ اور شاعر تھے، جن کا پیغام پوری انسانیت کے لیے محبت، اخوت، امن اور رواداری کا پیغام ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھٹ شاہ کی عظیم صوفی سرزمین پر عرس کی تقریبات میں شرکت ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ ایسا اظہار انہوں نے بھٹ شاہ میں حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے 283ویں سالانہ عرس کی تقریبات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مزار پر چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی کی اور شاھ کا راگ بھی سنا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مختلف اوقات میں حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے عرس میں شرکت کرتے رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے انتخابی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابی عمل میں بعض حلقوں کے نتائج میں تاخیر باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف اور بروقت انتخابی عمل جمہوریت کی مضبوط بنیاد ہے اور انتخابات عوام کے اعتماد کے مطابق ہونے چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ غریب اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے سندھ کے انفراسٹرکچر سے متعلق تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ نواب شاہ سے بھٹ شاہ تک بہترین سڑکوں پر سفر کرکے آئے ہیں، اس لیے سندھ کو کھنڈر قرار دینا حقائق کے منافی ہے۔ انہوں نے مہنگائی، بجلی کے نرخوں اور عوامی مشکلات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سندھ ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کی تعلیمات محبت، امن، بھائی چارے اور انسانیت کا درس دیتی ہیں، جن کی آج پورے ملک بالخصوص بلوچستان، خیبر پختونخوا اور دیگر علاقوں میں پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوفیائے کرام کی تعلیمات ہماری روحانی اور تہذیبی روایت کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عرس کی تقریبات کے دوران کلچرل ویلیج، سگھڑوں کی کچہری اور دیگر ثقافتی پروگراموں میں بھی شرکت کی جائے گی۔ذوالفقار علی شاہ نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی عرس میں شرکت کو بین الصوبائی ہم آہنگی اور صوفی ثقافت سے محبت کا اظہار قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں