کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنونئیر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو جبر سے نہیں دبا سکتا، عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادا کرے۔
بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو جبر سے نہیں دبا سکتا، عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادا کرے، غلام محمد صفی

مزید خبریں
اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنونئیر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو جبر سے نہیں دبا سکتا، عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادا کرے۔
یہاں جاری بیان کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی کی زیر صدارت اسلام آباد میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مقبوضہ خطے کی تازہ ترین سیاسی، انسانی حقوق اور سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی جبر، فوجی محاصروں، بلاجواز گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پورے مقبوضہ علاقے کو فوجی چھائونی میں تبدیل کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھروں پر چھاپے، سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں، اظہار رائے پر پابندیاں، املاک کی مسماری اور نوجوانوں کو ہراساں کرنا معمول بن چکا ہے، لیکن کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کی جدوجہد سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے۔اجلاس کے شرکا نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ اجلاس میں سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد، میر طاہر مسعود، شمیم شال، شیخ عبدالمتین، شیخ محمد یعقوب، انجینئر مشتاق محمود، جاوید اقبال بٹ، نثار مرزا، سید اعجاز رحمانی، دائود خان، زاہد صفی، مشتاق احمد بٹ، حاجی سلطان بٹ، میاں مظفر، محمد اشرف ڈار، سید گلشن احمد، منظور احمد ڈار، شیخ عبد الماجد، عبدالمجید لون، عدیل مشتاق، زاہد مجتبیٰ اور امتیاز وانی سکریٹری اطلاعات نے شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر شہدائے کشمیر، بھارتی جیلوں میں قید کشمیری حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی جلد رہائی، زخمیوں کی صحت یابی، تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور امت مسلمہ کے اتحاد و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔








