ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس، مون سون صورتحال، تیاریوں اور جاری امدادی کارروائیوں کاجائزہ

ایمرجنسی رسپانس کمیٹی نے وفاق، صوبوں، ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اورفلاحی تنظیموں کے درمیان موثر رابطے اور بروقت کارروائی پر زور دیاہے اور ہدایت کی ہے کہ حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی، بروقت وارننگ کے اجراء اور عوامی آگاہی کو مزید موثر بنایا جائے۔

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):ایمرجنسی رسپانس کمیٹی نے وفاق، صوبوں، ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اورفلاحی تنظیموں کے درمیان موثر رابطے اور بروقت کارروائی پر زور دیاہے اور ہدایت کی ہے کہ حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی، بروقت وارننگ کے اجراء اور عوامی آگاہی کو مزید موثر بنایا جائے۔بدھ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے قومی ادارے(این ڈی ایم اے )سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر قائم ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا چھٹا اجلاس منعقد ہوا جس میں مون سون صورتحال، تیاریوں اور جاری امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔

بدھ کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزراء، چیئرمین این ڈی ایم اے، متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر میں بارشوں، دریائوں کی صورتحال، سیلابی کیفیت اور آئندہ دنوں کے موسمی امکانات پر بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ 29 جولائی تا 5 اگست تک ملک بھر میں مون سون نئے سلسلہ جاری ہو گا۔متوقع بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ، لینڈ سلائڈنگ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے 28 جولائی تک مون سون حادثات میں 109 افراد جاں بحق جبکہ 362 زخمی ہوئے۔گھروں، چھتوں اور دیواروں کے گرنے کے واقعات جانی نقصان کی بڑی وجہ ہے، حالیہ مون سون سے خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ جبکہ پنجاب دوسرے نمبر پرہے۔

این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور متعلقہ اداروں نے 148 ریسکیو آپریشنز مکمل کیے، 4,111 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ایمرجنسی رسپانس کمیٹی نے وفاق، صوبوں، ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اورفلاحی تنظیموں کے درمیان موثر رابطے اور بروقت کارروائی پر زور دیا۔کمیٹی کی ہدایت کی کہ حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی، بروقت وارننگ کے اجراء اور عوامی آگاہی کو مزید موثر بنایا جائے۔کمیٹی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے، ریسکیو وسائل، امدادی سامان اور بنیادی سہولیات کی مسلسل دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ۔

کمیٹی نے ضلعی سطح پر رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے، فوری رسپانس اور موسمی و حفاظتی ہدایات عوام تک بروقت پہنچانے پر خصوصی زوردیا۔ایمر جنسی ریسپانس کمیٹی نے کہا کہ مون سون کے دوران انسانی جانوں، روزگار اور قومی انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے مربوط قومی اقدامات جاری رہیں گے۔این ڈی ایم اے نےکہا ہے کہ نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر کے ذریعے صورتحال کی مسلسل نگرانی اور تمام متعلقہ اداروں سے قریبی رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔