نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور کویت کے وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال
نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور کویت کے وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کا بدھ کو یہاں وزارت خارجہ میں پرتپاک خیرمقدم کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان مشترکہ تاریخ، مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی مضبوط اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعاون کے اہم شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اتفاق کیا جن میں توانائی، تجارت و سرمایہ کاری، زراعت و غذائی تحفظ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور صحت شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ان ورکنگ گروپس کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لینے، ان کے کام پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے بروقت اقدامات کی رہنمائی فراہم کرنے کی غرض سے وقتاً فوقتاً ملاقاتیں کی جائیں گی۔
پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ دفاعی شراکت داری کو سراہتے ہوئے نائب وزیراعظم نے جون 2023ء میں دستخط کیے گئے پاکستان-کویت دفاعی تعاون کے معاہدے کی کویت کی جانب سے حالیہ توثیق کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے جو دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے کویت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کویت کی مسلسل ترقی اور خوشحالی میں پاکستانی برادری کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ ملاقات انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی اور دونوں فریقوں نے پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔








